عاشق حسین گوپانگ بھی پارٹی قیادت کیخلاف پھٹ پڑے

مجیب الرحمٰن کو پاکستانی قرار دینا تاریخی حقیقت کو جھٹلانے کے مترادف ہے، نوازشریف کی مجیب الرحمٰن بننے کی خواہش ن لیگ کے لئے خودکش حملہ ہے،بیان

جمعہ 12 جنوری 2018 21:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جنوری2018ء) مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما اور چئیرمن سب کمیٹی پبلک اکائونٹس کمیٹی (پی اے سی)عاشق حسین گوپانگ بھی پارٹی قیادت کیخلاف پھٹ پڑے ہیں ،کہتے ہیں مجیب الرحمٰن کو پاکستانی قرار دینا تاریخی حقیقت کو جھٹلانے کے مترادف ہے،نوازشریف کی مجیب الرحمٰن بننے کی خواہش ن لیگ کے لئے خودکش حملہ ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار اور سنئیر رہنماء ظفر علی شاہ کے بعد مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما عاشق حسین گوپانگ نے بھی پارٹی قیادت کیخلاف علم بغاوت بلندکردیا ہے ۔ عاشق حسین گوپانگ نے پارٹی قائد نواز شریف کے خلاف بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجیب الرحمٰن سکہ بند بھارتی ایجنٹ تھا ،مسلم لیگی رہنما کی طرف سے ایسے بیان کی توقع نہ تھی۔ لگتا ہے سات پردوں میں چھپے بھارتی ایجنٹس نے ہمارے قائدین کو اپنا ہم نوا بنا لیا ہے۔عاشق گوپانگ نے کہا یہ بانیہ کسی بھی حب وطن پاکستانی کے لئے قابل قبول نہیں ہوسکتاہے۔نواز شریف کے بیان کے اثرات بھی قائد ایم کیو ایم کے بیان سے کسی طرح کم نہیں ہوں گے۔مجیب الرحمٰن بننے کی خواہش ن لیگ کے لئے خودکش حملہ ہے۔ ظفرملک