سی ڈی اے سپر مارکیٹ کو جدید خطوط پر ترقی دینے کی کوشش کرے ، شیخ عامر وحید

تاجروں کے مسائل حل کرانے میں چیمبر کے ساتھ تعاون کریں گے، محمد حسین

جمعہ 12 جنوری 2018 20:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جنوری2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے صدر شیخ عامر وحید کی قیادت میں سپر مارکیٹ ایف سکس، اسلام آباد کا دورہ کیا اور سپر مارکیٹ کی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایش کے نومنتخب عہدیداران شہزاد شبیر عباسی صدر، محمد حسین جنرل سیکرٹری ، احمد مغل اور دیگر کو مبارک باد پیش کی۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید، نائب صدر نثار مرزا، فائونڈر گروپ کے چیئرمین خالد جاوید، میاں اکرم فرید، طارق صادق، محمد اعجاز عباسی، باسر دائود، چوہدری عبدالغفار، طاہرایوب، شیخ عبدالوحید، خالد چوہدری، مشرف جنجوعہ، راشد ہمایوں،عزت بخش، راجہ عبدالمجید، دلدار عباسی، سید عادل انیس، سعید بھٹی، شیراز احمد صدیقی، عباس ہاشمی، اشفاق حسین چھٹہ، محمد فہیم خان اور دیگر وفد میں شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ سپر مارکیٹ اسلام آباد کے پوش علاقے میں واقع ہے جہاں غیر ملکی سفراء اور غیر ملکی مہمانوں سمیت دیگر اہم شخصیات خریداری کیلئے اکثر مارکیٹ کا دورہ کرتی ہیں۔ لہذا انہوں نے سی ڈی اے پر زور دیا کہ وہ سپر مارکیٹ کو جدید خطوط پر ترقی دینے کیلئے کوششیں تیز کرے کیونکہ یہ مارکیٹ غیر ملکیوں کیلئے اسلام آباد کا چہرہ ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے سپر مارکیٹ میں فلٹریشن پلانٹ کی فراہمی یقینی بنائے، کار پارکنگ کو مزید وسعت دے اور پارکنگ کی بہتر کارپیٹنگ کرنے کے ساتھ ساتھ تمام سٹریٹ لائٹس کو فوری بحال کرے ۔انہوںنے نومنتخب عہدیداران کو یقین دہانی کرائی کہ چیمبر سپر مارکیٹ کے تمام اہم مسائل حل کرانے کی کوششوں میں ایسوسی ایشن کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید، نائب صدر نثار مرزا اور فائونڈر گروپ کے چیئرمین خالد جاوید نے نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ سپرمارکیٹ کے انتخابات میں ان کی دوسری بار مسلسل کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ مارکیٹ کے تاجر ایسوسی ایشن کی عمدہ کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہیں اور اس کی صلاحیتوں پر اعتماد کرتے ہیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب عہدیداران سپر مارکیٹ کے تاجروں کے تمام اہم مسائل کو حل کرانے اور مارکیٹ کی بہتر ترقی کیلئے مزید موثر کوششیں کریں گے تا کہ سپر مارکیٹ ترقی کے لحاظ سے اسلام آباد کی دیگر مارکیٹوں کیلئے ایک نمونہ ثابت ہو سکے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سپر مارکیٹ کی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نومنتخب جنرل سیکرٹری محمد حسین نے چیمبر کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے دورے سے نومنتخب عہدیدارن کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔

انہوں نے مارکیٹ کو درپیش چیدہ چیدہ مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سپر مارکیٹ میں عرصہ دراز سے فلٹریشن پلانٹ مہیا نہیں کیا گیا جس سے علاقے کی تاجر برادری اور رہائشی صاف پینے کے پانی کی سہولت سے محروم ہیں لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے اس مسئلے کو فوری حل کرے ۔انہوںنے کہا کہ مارکیٹ میں موجودہ کار پارکنگ ناکافی ثابت ہو رہی ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ سی ڈی اے اس کو نئے سرے سے ڈیزائن کرکے پارکنگ کو مزید وسعت دے اور اس کی دوبارہ کارپیٹنگ کرے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی اہم ترین مارکیٹ ہونے کی حیثیت سے سپر مارکیٹ میں تمام سٹریٹ لائٹس کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ چوری چکاری اور دیگر وارداتوں کا تدارک کیا جا سکے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری کے مسائل کو حل کرانے کی کوششوں میں سپر مارکیٹ کی نومنتخب ایسوسی ایشن چیمبر کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔

متعلقہ عنوان :