پیپلزپارٹی صحت کے شعبے کی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے، بلاول بھٹو زرداری

جمعہ 12 جنوری 2018 20:59

پیپلزپارٹی صحت کے شعبے کی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے، ..
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء) ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایک صحتمند معاشرہ ایک کامیاب معاشرہ ہوتا ہے یہ ہی وجہ ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ شہید بینظیر بھٹو نے ہمیشہ صحت کے شعبے کو ترجیح دی ۔پاکستان پیپلزپارٹی صحت کے شعبے کی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے اور اس ضمن میں سہون شریف میںچوتھااین آئی سی وی ڈی سیٹلائیٹ اسپتال قائم کردیاگیا ہے ۔

اس ہسپتال کے قیام سے ناصرف سیہون شریف بلکہ ملک اور دنیا بھر سے لوگ مستفید ہوسکیں گے قلندر لعل شہباز کی وجہ سے سیہون شریف انسانیت کے لیے ایک عظیم پناہ گاہ ہے اور پوری دنیا سے یہاں پر عقیدتمند آتے ہیں اور یکساں سکون حاصل کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کوسیہون کے سید عبداللہ شاہ انسٹیٹوٹ آف میڈیکل سائنس میں قائم کردہ این آئی سی وی ڈی امراض قلب کے ہسپتال کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی ہمیشہ یہ روایت رہی ہے کہ وہ دلوں کو جوڑتی ہے اور ہم نے دلوں کو جوڑنے کا تسلسل جاری رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا ہسپتال کراچی میں ہے - لاڑکانہ، حیدرآباد ، ٹنڈو محمد خان اور سیہون میں بھی امراض قلب کے اسپتال کھولے جاچکے ہیں جہاں لوگوں کا مفت علاج کیا جارہاہے اس سے قبل امراض قلب کے علاج کے لیے ان شہروں کے لوگ بڑے شہروں کا رخ کرتے تھے مگر اب یہ علاج ان کے اپنے شہرمیں ممکن ہوسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ دل کے امراض کا علاج اتنا مہنگاتھا جسے پہلے صرف امیر آدمی برداشت کرپاتا تھا مگر سندھ حکومت کی کاوشوں سے ان امراض کا علاج بلکل مفت کردیا گیا ہے جس کی مثال پورے پاکستان میں نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں صرف 250 سائبر نائیف ٹیکنالوجی ہیں اور یہ ٹیکنالوجی پاکستان میں کہیں ہے تو وہ صرف سندھ میں ہے جبکہ سائبر نائیف ٹیکنالوجی سے کیے گئے علاج کی مد میں پوری دنیا میں 60سی70 لاکھ روپے کا علاج ہوتا ہے جبکہ سندھ میں اس علاج کے لیے ایک روپیہ بھی نہیں لگتا-سندھ انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 6 لاکھ خاندانوں کو غربت سے نکالا ہے جواب معاشرے کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں یہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا کہ پورے پاکستان بھر میں صحت کے شعبے کو مکمل فعال بنایاجائے جس کے لیے سندھ حکومت نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ریگیولرکردیاہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل فخر ہے کہ این آئی سی وی ڈی امراض قبل بہت کم عرصے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے جس کے لیے میںاین آئی سی وی ڈی کی پوری ٹیم اور سندھ حکومت مبارکباد پیش کرتا ہوں - انہوں نے کہا کہ سندھ میں بہت کام ہونے کے باوجود بھی مسائل ہیں پر ہماری نیت پر شک نہیں کیاجاسکتا،ہم عوام کو ریلیف دینے کے لیے اپنے کمنمٹ پر سو فیصد قائم ہیں۔

پاکستان کی آزادی کے بعد پی پی پی ہی وہ واحد جماعت ہے جس نے بلاتفریق عوام کی خدمت کی ہے - انہوں نے کہا کہ عوام کی طاقت سے پاکستان پیپلزپارٹی نہ صرف سندھ بلکہ ملک بھر میں برسراقتدار آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی حکومت بلاتفریق عوام کی خدمت کررہی ہے اور کوشش ہے کہ سندھ میں رہنے والا ہرفرد صحتمند ہوجس کے لیے سندھ حکومت نے نہ صرف دل کی بیماریوں کے اسپتال قائم کیے ہیں بلکہ تمام بیماریوںسے متعلق بھی اسپتال قائم کیے جائیں گے جہاں لوگوں کا مفت علاج کیاجائیگا انہوں نے کہا کہ پی پی پی ہر لمحہ ہر فیصلہ عوام کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کرتی ہے ہماری منزل مضبوط اور مستحکم پاکستان ہے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود ہم صوبے کی عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھیں ہوئے ہیںاور چیئرمین صاحب سے وعدہ کرتاہو ں کہ انہیں مایوس نہیں کرونگا ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ستر ستر کلومیٹر تک اسپتال نہیں تھے لیکر موجودہ حکومت کی بہترین حکمت عملی کی وجہ سے آج سندھ بھر میں جدید سہولیات سے آرائستہ ہسپتال موجود ہیں جہاں ماہر ڈاکٹرزاپنی محنت اور لگن سے لوگوں کا علاج کررہے ہیں ۔

انہوں نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے عوام کی خدمت کرتے ہوئے جلد میرٹ پر نوکریاں دی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ انتخابات میں سندھ حکومت کی کارکردگی پرپاکستان پیپلزپارٹی ملک بھر میں حکومت بنائے گی۔ قبل ازیں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حضرت لعل شہباز قلندر ؒ کی مزار شریف پر پھولوںکی چادر چڑھاکر فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سیہون دھماکے کے واقع سے متعلق آگاہی اور بحالی کے کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی- بعدازاں انہوں نے سیہون میں امراض قلب کے ہسپتال کا افتتاح کیا -