سرکاری وسائل قوم کی امانت سمجھ کر عوام کو سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کرتے رہیں گے،شہباز شریف

غریب کی زندگی میں خوشحالی کا انقلاب لا رہے ہیں، ذاتی مفادات کی سیاست ملک و قوم کے لئے زہر قاتل ہے پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے سب کو ایک ہونا ہے مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ قومی مفادات کو ترجیح دی ہے اور ہمارا ہر قدم عوام کی خوشحالی کے لئے اٹھ رہا ہے قوم تعلیم، صحت، امن اور ترقی و خوشحالی چاہتی ہے ترقی کا سفر کوئی لمحہ ضائع کئے بغیر تیزی سے جاری رکھیں گے نام نہاد انقلاب کا دعویٰ کرنے والے قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں، ساڑھے چار سال میں جھوٹ، الزامات اور یو ٹرن لینے والوں کو عوام معاف نہیں کریں گے، وزیر اعلی پنجاب کی اراکین اسمبلی سے گفتگو

جمعہ 12 جنوری 2018 20:50

سرکاری وسائل قوم کی امانت سمجھ کر عوام کو سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کرتے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے جمعہ کو مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غریب کی زندگی میں خوشحالی کا انقلاب لا رہے ہیں۔ سرکاری وسائل قوم کی امانت ہیں اوراسے عوام کو سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کرتے رہیں گے۔

پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے۔ پاک وطن کی ترقی کے مشن کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے اورعوام کی ترقی اور خوشحالی کے ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتاری اور شفافیت سے مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آگے لے جانے کے لئے قومی مفادات کو مد نظر رکھ کر آگے بڑھنا ہے کیونکہ ذاتی مفادات کی سیاست ملک و قوم کے لئے زہر قاتل ہے اور پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے سب کو ایک ہونا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ قومی مفادات کو ترجیح دی ہے اور ہمارا ہر قدم عوام کی خوشحالی کے لئے اٹھ رہا ہے۔ قوم تعلیم، صحت، امن اور ترقی و خوشحالی چاہتی ہے۔ترقی کا سفر کوئی لمحہ ضائع کئے بغیر تیزی سے جاری رکھیں گے۔عوام کی خدمت مشن ہے اور یہ ہمیشہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت ہمارا عزم ہے، اس عزم کو پورا کرنے کیلئے تمام ممکنہ کاوشیں بروئے کار لائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں پربلاجواز تنقید کرنیوالے عوام کی ترقی اورخوشحالی کے دشمن ہیں کیونکہ عام آدمی کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنیوالوں کو غریب عوام کی محرومیوں کا خاتمہ برداشت نہیں۔انہوں نے کہا کہ نام نہاد انقلاب کا دعویٰ کرنے والے قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ عوام کو دھوکہ دینے والے کس منہ سے عوام کے سامنے جائیں گے۔

ساڑھے چار سال میں جھوٹ، الزامات اور یو ٹرن لینے والوں کو عوام معاف نہیں کریں گے۔ عوام کھوکھلے نعروں اور منفی سیاست کرنے والوں کو آئندہ انتخابات میں یکسر مسترد کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے دل و جان کے ساتھ عوام کی خدمت کی ہے اور ساڑھے چار برس کے دوران کئی شعبوں میں ترقی کے اہداف حاصل کئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے منتخب نمائندوں پر زور دیا کہ وہ عوام سے قریبی رابطہ رکھیںاور ان کے مسائل کے حل کے لئے متحرک اور فعال انداز میں کام کیا جائے۔

انہو ںنے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے حوالے سے بھی منتخب نمائندے اپنا کردار ادا کریںاور عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں لیفٹیننٹ کرنل(ر) شجاعت ا حمد خان، نعیم گل،مہر خالد محمود سرگانہ،قاضی عدنان فرید،سیدافتخار الحسن، کرم الٰہی بندیال اور شعیب اویسی شامل تھے۔