مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل چوتھے پاکستان میگا لیدر شو کا افتتا ح کرینگے

جمعہ 12 جنوری 2018 20:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2018ء) پاکستان فٹ ویئر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی ایف ایم ای) کے چیئرمین فرخ سلیم اور سینئر وائس چیئرمین پی ایف ایم اے عابد حفیظ نے وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل سے ملاقات کی اور انہیں 27 جنوری 2018ء کو چوتھے پاکستان میگا لیدر شو (پی ایم ایل ایس 18) کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی دعوت دی۔

ملاقات میں ان کاروباری رہنمائوں نے پاکستان میں جوتوں کی صنعت کو درپیش متعدد اہم مسائل سے بھی انہیں آگاہ کیا۔ مفتاح اسماعیل نے وفد کو یقین دلایا کہ ان مسائل پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا اور ان کا حل تلاش کیا جائے گا۔ انہوں نے لیدر شو میں شرکت کیلئے اپنی آمادگی کا بھی اظہار کیا۔ پاکستان میگا لیدر شو پاکستان میں تیار کی جانے والی لیدر مصنوعات جن میں جوتے، گارمنٹس، دستانے وغیرہ شامل ہیں، کی تشہیر اور انہیں متعارف کرانے کے سلسلے میں بہت اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

اس شو کے دوران پاکستان میں جوتوں کی تیاری کی صنعت کی طرف سے تیار کی گئی اعلیٰ معیار کی مصنوعات کی خصوصی نمائش بھی ہوگی۔ پاکستان میگا لیدر شو پاکستان میں جوتوں، چمڑے کے سامان، چمڑے کے کارخانے، دستانے اور لیدر گارمنٹس تیار کرنے والی چار اعلیٰ معیار کی کمپنیوں اور ایسوسی ایشنوں کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ پی ایم ایل ایس 2018ء پاکستان کی تاریخ میں چمڑے کی مصنوعات کا سب سے بڑا شو ہوگا۔

چیئرمین پی ایف ایم اے نے مفتاح اسماعیل کے تعاون پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور پاکستان میں چمڑے کی مصنوعات میں موجود مواقع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اعلیٰ معیار کے چمڑے کی مصنوعات کی تیاری کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر ہے اور پاکستان کی مجموعی برآمدات میں اس کا تیسرا نمبر ہے۔ یہ شو چمڑے کی مصنوعات کے کاروبار سے وابستہ کاروباری افراد کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے اور انہیں اس سے کاروبار کے مواقع حاصل ہوں گے اور اس شعبہ میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

شو کے منتظمین کا کہنا ہے کہ اس شو کے انعقاد کے حوالے سے اس کاروبار سے وابستہ افراد، تنظیمیں اور کمپنیاں گہری دلچسپی کا اظہار کر رہی ہیں۔ سرکاری شعبہ سے بھی اس شو میں سرکت متوقع ہے۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی)، وزارت خزانہ، وزارت صنعت و ریگولیٹری اداروں کی طرف سے بھی اس شو کے انعقاد میں غیر معمولی تعاون اور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :