احتساب عدالت میں پیپکو میں غیر قانونی بھرتیوں کیس کی سماعت تین فروری تک ملتوی

پنجاب میں لاقانونیت کا راج ،بچے بھی بمحفوظ نہیں،، ایسے واقعات کیخلاف عملی احتجاج کرینگے‘ راجہ پرویز اشرف

جمعہ 12 جنوری 2018 20:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2018ء) احتساب عدالت میں پیپکو میں غیر قانونی بھرتیوں کیس کی سماعت تین فروری تک ملتوی کر دی گئی ۔ راجہ پرویز اشرف پر گیپکو میں 437افراد کو غیر قانونی طور پر بھرتی کرنے کا الزام ہے اور عدالت نے راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر سات افراد پر فرد جرم عائد کر رکھی ہے۔گزشتہ روز سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف پیپکو جعلی بھرتیوں کے کیس میں احتساب عدالت پیش ہوئے تاہم جج سید نجم الحسن کی رخصت کے باعث کیس کی سماعت تین فروری تک ملتوی کردی گی۔

(جاری ہے)

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے زینب کے قتل کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے اور لاقاقونیت کا راج ہے ، چھوٹے چھوٹے بچے محفوظ نہیں ،زینب قتل کیس کے ملزموں کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے قوم کو مزید دکھ پہنچ رہا ہے۔پیپلز پارٹی نے سانحہ ماڈل ٹاون سمیت ایسے واقعات پرپہلے بھی اظہار مذمت کیا ہے،قصور جیسے واقعات کے خلاف اب عملی طور پر احتجاج کریں گے ۔