پاکستان میں جنگلات میں تیزی سے کمی بہت بڑا مسئلہ ہے ،لاہور چیمبر

جمعہ 12 جنوری 2018 19:54

لاہور۔12جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء) پاکستان میں جنگلات میں تیزی سے کمی بہت بڑا مسئلہ ہے ،ملک میں زیر جنگلات رقبہ صرف ایک فیصد کے لگ بھگ ہے جو روس میں 49 فیصد اور بھارت میں 23 فیصد ہے، پاکستان میں سکڑتے ہوئے جنگلات کا مسئلہ حل کرنے کیلئے حکومت اور نجی شعبے سمیت ہر ایک کو اپنا بہترین کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے،لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید اور نائب صدر ذیشان نے زیر جنگلات رقبے کے حوالے سے پاکستان کی کمزور عالمی رینکنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیا جائے اور موثر فاریسٹ مینجمنٹ سسٹم وضع کیا جائے ۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ زیر جنگلات رقبہ میں مسلسل کمی کی وجہ سے ملک کو تباہ کن معاشی و ماحولیاتی مسائل کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جنگلات میں تیزی سے کمی بہت بڑا مسئلہ ہے کیونکہ ماحولیاتی نظام اور معیشت براہِ راست اس سے وابستہ ہیں۔ پاکستان میں سکڑتے ہوئے جنگلات کا مسئلہ حل کرنے کے لیے حکومت اور نجی شعبے سمیت ہر ایک کو اپنا بہترین کردار ادا کرنا ہوگا۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ جنگلات نہ صرف حیاتیاتی نظام کو تحفظ دیتے ہیں اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی راہ میں مزاحم ہوتے ہیں بلکہ معاشی حوالے سے بھی بہت اہم ہیں، جنگلات سے براہِ راست وابستہ لکڑی کی پیداوار، پراسیسنگ، پلپ اور پیپر انڈسٹریز دنیا کے کل جی ڈی پی کا تقریباً ایک فیصد ہیں ۔ اس کے علاوہ جنگلات تباہ کن سیلابوں کو روک کر یا پھر ان کی شدت میں نمایاں کمی لاکر معیشت کو اربوں ڈالر کا فائدہ پہنچاتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جنگلات میں کمی پاکستان کا بھی ایک بڑا مسئلہ ہے جس پر قابو پانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ کمرشل پیمانے پر جنگلات اٴْگاکر وسیع پیمانے پر معاشی فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں سرمایہ کاری بڑھاکر مختلف صنعتوں ، بالخصوص فرنیچراور کاغذ سازی کی صنعتوں کے لیے سپلائی چین بہتر بنائی جاسکتی ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اس جانب خصوصی توجہ دے اور اس شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے اقدامات اٹھائے۔

متعلقہ عنوان :