نیشنل فرنٹ کی طرف سے نعیم احمدخان سمیت حریت رہنمائوں کی مسلسل غیرقانونی نظربندی کی شدید مذمت

انسانی حقوق تنظیمیں کشمیری نظربندوں کی حالت زار کا سخت نوٹس لیتے لیکر فوری رہائی کیلئے اثر ورسوخ استعمال کریں، ترجمان

جمعہ 12 جنوری 2018 19:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2018ء) جموں وکشمیر نیشنل فرنٹ نے حریت رہنماء اور پارٹی چیئرمین نعیم احمدخان کی نئی دہلی کی تہاڑجیل میں مسلسل غیر قانونی نظربندی اور انہیںعلاج معالجے سمیت بنیادی سہولتوں سے محروم رکھنے پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نیشنل فرنٹ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس ظاہر کیاکہ کشمیر اور کشمیریوںکے بارے میں بھارت کی سوچ اس قدر متعصبانہ ہے کہ وہ جیلوں میں بھی سیاسی نظربندوں کوانتقامی کاررائی کا نشانہ بنارہاہے ۔

انہوںنے کہا کہ تہاڑ جیل میں نعیم احمدخان سمیت دیگر حریت رہنمائوںکی حالت انتہائی ابتر ہیں اور انکے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے نت نئے حربے استعمال کئے جارہے ہیں جس سے ان کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے واضح کیاکہ بھارت ماضی میں بھی اپنے مذموم عزائم میں ناکام رہا ہے اور آئندہ بھی کامیاب نہیں ہو گا ۔ انہوںنے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نظربندوں کی حالت زار کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انکی فوری رہائی کیلئے اپنا اثر ورسوخ استعمال کریں۔

ترجمان نے کولگام کے علاق کھڈونی میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوانوں فرحان وانی اور خالد ڈار کو بھی زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کھڈونی ، لارنو اور چاڈورہ میں پر امن مظاہرین پر فورسز کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال شدید مذمت کی۔