فاٹا کا خیبر پختونخوا میں مکمل انضمام ہی قبائلی عوام کے مسائل کا واحد حل ہے،سکندرحیات شیرپائو

جمعہ 12 جنوری 2018 19:29

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے سپریم کورٹ آف پاکستان اور ہائی کورٹ کا دائرہ اختیار فاٹا تک بڑھانے کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا میں مکمل انضمام ہی قبائلی عوام کے مسائل کا واحد حل ہے جس میں مزید تاخیر اور لیت و لل قابل برداشت نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور پشاور میں کیو ڈبلیو پی ضلع پشاور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر،صوبائی سیکرٹری انفارمیشن طارق احمدخان،سیکرٹری پولیٹیکل ٹریننگ اسد آفریدی ایڈوکیٹ،ضلع پشاور کے چیئرمین حاجی محمد شفیع دائودزئی اور جنرل سیکرٹری حاجی سیف اللہ خان کے علاوہ دیگر عہدیدار اور کارکن بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیاسی صورتحال،پارٹی کے تنظیمی امور اور رابطہ عوام مہم کے حوالے سیر حاصل بحث کی گئی۔سکندر شیرپائو نے کہا کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کا دائرہ اختیار قبائلی علاقوں تک بڑھانا خوش آئند ہے اس سے قبائلی عوام کی محرومیوں میں کمی آئے گی جبکہ فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کئے بغیر قبائلی عوام کی محرومیوں کا ازالہ ممکن نہیں۔انھوں نے کہا کہ قبائلی عوام کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں لہٰذا فاٹا کو 2018کے عام انتخابات سے قبل خیبر پختونخوا میں شامل کرکے اسمبلیوں میں نمائندگی دینے سمیت قبائلی عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرکے ان کو ان کی بے تحاشا قربانیوں کا صلہ دیا جائے ۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی فاٹا کے عوام کے حقوق و تحفظ اور فلاح و بہبود سمیت ان کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کرے گی اور اس سلسلے میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جا ئے گا۔اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے قصور سانحہ کی شدید الفاظ میں مزمت کی گئی اور غم زدہ خاندان کے ساتھ ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا گیا قرارداد میں واقعہ کو غیر انسانی فعل قرار دیتے مطالبہ کیا گیا کہ واقعہ میں ملوث انسان نما درندوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

اجلاس میں صوبہ میں جاری بجلی اور سوئی گیس لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس کے خاتمے کیلئے فوری اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا۔اجلاس میں پی ٹی آئی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاگیا کہ ناقص اوربغیر سوچے سمجھے منصوبوںکی بدولت خیبر پختونخوا کے عوام کی زندگی اجیرن بنادی اور پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ میں مناسب منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے جو دراصل عوام کی خدمت نہیں بلکہ الیکشن کمپین ہے۔

متعلقہ عنوان :