سورج مکھی کی کاشت کو فروغ دے کر کاشتکار آمدن میں اضافہ کرسکتے ہیں،رانا محمد منیر

جمعہ 12 جنوری 2018 19:29

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء) سورج مکھی کی کاشت کو فروغ دے کر کاشتکار نہ صرف اپنی آمدنی میں اضافہ کرسکتے ہیں بلکہ تیل کی درآمد پر خرچ ہونے والے کثیر زرمبادلہ کو بچانے کے ساتھ خوردنی تیل کی گھریلو ضروریات کو بھی پورا کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر زراعت (توسیع) رانا احمد منیر نے موضع محمد پور کھوکھر میں سورج مکھی کی کاشت کے موضوع پر منعقدہ ایک روزہ فارمر ٹریننگ پروگرام میں کاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) چوہدری نیاز احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات نوید عصمت کاہلوں،اسسٹنٹ ڈائریکٹر (فروٹ اینڈ ویجیٹبل) شیخ یوسف الرحمن، اسسٹنٹ ایگریکلچر انجینئر مطیع الرحمن سمیت کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر زراعت (توسیع) نے مزید کہا کہ امسال ملتان ڈویژن میں 40 ہزار ایکڑ پر سورج مکھی کی کاشت کی جائے گی جبکہ ضلع ملتان میں 8 ہزار ایکڑ پر سورج مکھی کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے حصول کیلئے فیلڈ ٹیمیں کاشتکاروں کی رہنمائی کررہی ہیں۔

چوہدری نیاز احمد نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سورج مکھی کے اچھے ہائبرڈ بیج کی کاشت زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے بہت اہم ہے سورج مکھی کی منظور شدہ اقسام کا صحت مند بیج 2 کلو گرام فی ایکڑ کے حساب سے کاشت کریں۔بہتر پیداوار کے حصول کیلئے اڑھائی اڑھائی فٹ کے فاصلے پر بنائی گئی کھیلیوں پر چوپے کی مدد سے سورج مکھی کی کاشت کریں جبکہ ایک چوپے سے دوسرے چوپے کا فاصلہ 9انچ رکھیں اس طرح فی ایکڑ پودوں کی تعداد تقریباً 23 ہزار حاصل ہوگی۔ ڈرل سے کاشت کی صورت میں تر وتر میں کاشت کریں اور بیج کی گہرائی زیادہ سے زیادہ ڈیڑھ انچ ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سورج مکھی کی منافع بخش کاشت کے فروغ کیلئے کاشتکاروں کو 5 ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔