وزیراعلیٰ پنجاب نے ترقیاتی منصوبوں کی تیزرفتار تکمیل یقینی بنانے کیلئے صوبائی وزراء کی سربراہی میں مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دیں

جمعہ 12 جنوری 2018 19:27

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے صوبہ بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تیزرفتار تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی وزراء کی سربراہی میں مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو مختلف اضلاع کادورہ کرکے عوامی فلاح وبہبود اور علاقائی ترقی کی سکیموں پر عملدرآمد کی تازہ ترین صورت حال کاجائزہ لے رہی ہیں ۔

اس ضمن میں صوبائی وزیر سپورٹس ویوتھ افیئرزجہانگیر خانزادہ کی سربراہی میں ارکان صوبائی اسمبلی اویس قاسم اور رانا محمد افضل خاں پر مشتمل تین رکنی مانیٹرنگ ٹیم نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں فیصل آباد ڈویژن میں سالانہ ترقیاتی پروگرام ودیگر جاری ترقیاتی سکیموں کی پیشرفت کاجائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے ڈویژن کے چاروں اضلاع میں مختلف سیکٹرز کی ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کی رفتار اور فنڈز کے استعمال کی صورت حال کے بارے میں بریفنگ دی ۔صوبائی وزیر کھیل وامور نوجواناں نے سڑکوں،سرکاری عمارتوں کی تعمیر،سیوریج،فراہمی ونکاسی آب،سپورٹس اور دیگر شعبوں میں جاری ترقیاتی سکیموں کاجائزہ لیتے ہوئے کہا کہ عوامی ریلیف وعلاقائی خوشحالی کے ترقیاتی منصوبوں کی بلاتاخیر تکمیل حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے لہٰذا ان منصوبوں پر عملدرآمدکرنے والے محکمے تکمیل تک چین سے نہیں بیٹھ سکتے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ دستیاب فنڈز کے شفاف استعمال اور اعلیٰ تعمیراتی معیار کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی سکیم کسی وجہ سے ادھوری نہیں رہنی چاہیے اور اگر مزید فنڈز درکار ہوں تو بروقت نشاندہی کریں ۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد میں کسی لمحہ بھی تعطل نہ آئے اور اگر کسی جگہ کوئی تکنیکی،انتظامی یا محکمانہ رکاوٹ درپیش ہو تو اسے مربوط انداز میں حل کریں اس ضمن میں کوتاہی یا غفلت قابل قبول نہیں۔

وزیرکھیل نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا ہفتہ وار جائزہ لیکر کارکردگی کی رفتار میں اضافہ کریں۔ اجلاس کے دوران محکمہ شاہرات،بلڈنگز،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ،ایف ڈی اے،واسا اوردیگر محکموں کے افسران نے فیصل آباد ڈویژن میں جاری سکیموں کی پیشرفت اوربعض سکیموں میں سست رفتاری کی وجوہات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت فیصل آباد ڈویژن میں 14،ارب 20کروڑ روپے کی لاگت سے 1037ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائیں گے جن کی تکمیل کے لئے دستیاب فنڈز میں سے اب تک 51فیصد سے زائد فنڈز استعمال ہوچکے ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ فیصل آباد ڈویژن کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر کی نئی وجاری 391سکیموں پر چار ارب 85کروڑ روپے ،سرکاری عمارتوں کی 151سکیموں پر3،ارب 72کروڑ روپے،ایف ڈی اے کی 59سکیموں پرڈیڑھ ارب روپے اور واسا کی 16سکیموں پر 92کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں جبکہ لوکل گورنمنٹ سپیشل پیکج اوروزیراعظم قومی ترقیاتی پروگرام کے منصوبے اس کے علاوہ ہیں جن کی تکمیل کے لئے متعلقہ محکمے متحرک انداز میں کام کررہے ہیں۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جھنگ مدثرریاض ملک،ڈپٹی کمشنر چنیوٹ ایوب خان،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس فیصل آباد وٹوبہ ٹیک سنگھ میاں آفتاب احمد،چوہدری عبدالغفور،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مہر شفقت اللہ مشتاق،ڈائریکٹرڈویلپمنٹ مہر محمدرمضان اوردیگر محکموں کے افسران بھی موجودتھے۔

متعلقہ عنوان :