کرکٹ بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری

قوانین اور سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت 65 برس سے زائد عمر کے کسی شخص کو کسی ادارے کا سربراہ مقرر نہیں کیا جاسکتا، لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میںموقف

جمعہ 12 جنوری 2018 19:15

کرکٹ بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جنوری2018ء) لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کرکٹ بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

مقامی شہری فرزانہ بی بی کی وکیل ناہید بیگ ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا ہے کہ قوانین اور سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت 65 برس سے زائد عمر کے کسی شخص کو کسی ادارے کا سربراہ مقرر نہیں کیا جاسکتا،انہوں نے کہاکہ حکومت نے من پسند شخص کو نوازنے کے لئے پی سی بی کا سربراہ مقرر کیا، نجم سیٹھی کی عمر 65 برس سے زیادہ ہونے کے باعث وہ اس عہدے کے اہل نہیں ہیں، انہوں نے استدعا کی کہ نجم سیٹھی کے تقرر کو قواعد ضابطہ کیخلاف خلاف ہونے کی بناء پر کالعدم قرار دیتے ہوئے عہدے سے ہٹانے کا حکم دیاجائے۔

پی سی بی کے وکیل تفضل رضوی نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ وزیراعظم نے نجم سیٹھی کو قواعد وضوابط کے تحت تعینات کیا، درخواست گزار نے متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا لہٰذا درخواست ناقابل سماعت قرار دی جائے ، جس پر عدالت نے وفاقی حکومت کو 24جنوری کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔