پنجاب میں گزشتہ سال کے دوران گندم کپاس ،چاول کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہواہے ،زرعی ماہرین

جمعہ 12 جنوری 2018 18:31

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جنوری2018ء) پنجاب میں گزشتہ سال کے دوران گندم کپاس ،چاول کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہواہے جبکہ بعض مقامات پربارشی وسیلابی صورتحال کے باوجود کماد ، مکئی ، پھلوں ، سبزیوں کی پیداوار بھی بہتر رہی ۔ ماہرین زراعت نے بتایاکہ سال 2017 میں اہم فصلوں کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ۔انہوںنے بتایاکہ صوبہ پنجاب میں پچھلے سال گندم کی پیداوار 1کروڑ 97لاکھ ٹن حاصل ہوئی جوکہ ایک ریکارڈ ہے جبکہ یہ پیداوار سال 2009-10 میں 1کروڑ56لاکھ ٹن تھی۔

انہوںنے بتایاکہ نامساعد موسمی حالات کے باوجود کپاس کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوا ہے اور 99لاکھ گانٹھ حاصل ہوئی ہے جبکہ اس سے پچھلے سال یہ پیداوار 91.5لاکھ گانٹھ تھی اس لحاظ سے کپاس کی پیداوار میں 8لاکھ گانٹھ اضافہ ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ چاول کی پیداوار میں بھی ریکارڈاضافہ ہوا ہے اس طرح حالیہ سال چاول کی پیداوار 35.5لاکھ ٹن حاصل ہوئی جو کہ گذشتہ سال کی پیداوار 34.8 لاکھ ٹن سے زیادہ ہے۔

اسی طرح کماد، مکئی، پھلوں اور سبزیوں کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوا ہے حالانکہ گذشتہ سال سیلاب کی وجہ سے 8لاکھ ایکڑ رقبہ پر فصلوں کو نقصان پہنچا تھا۔انہوںنے بتایاکہ 2017 میں پاکستان سے 94.6ارب روپے کا 0.67ملین ٹن باسمتی چاول برآمد کیا گیا جبکہ دوسری اقسام کے چاول کی برآمد 168.3ارب روپے تک جا پہنچی اسی طرح مجموعی طور پر 262.9ارب روپے کا چاول برآمد کیا گیا۔انہوںنے بتایاکہ اسی طرح 15.7 ارب روپے کا 3لاکھ 53ہزار ٹن کنو ، 4.9ارب روپے کا 86ہزار ٹن آم بھی برآمد کیا گیا۔ انہوںنے بتایاکہ پیداوارمیںیہ اضافہ کاشتکاروں کی محنت ، زرعی سائنسدانوں کی طرف سے جدید ٹیکنالوجی پیکج اور حکومت کی کسان دوست پالیسیوں کی وجہ سے ممکن ہوا ہے ۔۔

متعلقہ عنوان :