علماء پولیو کے خاتمہ کیلئے منبرو محراب کو استعمال کریں،ڈپٹی کمشنر

جمعہ 12 جنوری 2018 18:03

سرگودھا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء) ڈپٹی کمشنرسرگودہا لیاقت علی چٹھہ نے علماء پر زور دیا ہے کہ وہ پولیو کے خاتمہ کیلئے اپنے منبرو محراب کو استعمال کریں اور عوام میں اس مہلک بیماری سے متعلق شعور و آگاہی کی بیداری میں حکومتی مشینری کا ساتھ دیں۔ وہ کمیٹی روم میں سال ِنو کی پہلی پندرہ سے سترہ جنوری 2018ء تک شروع ہونے والی پولیو مہم کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر/ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر نصرت ریاض ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر چوہدری اسلم ،ڈاکٹر حسن طارق پیر جاوید قادری ،ریاست علی فیروزی،محکمہ تعلیم ،شہری دفاع،لوکل گورنمنٹ ،دیگر متعلقہ افسران اور مختلف مسالک کے جید علماء بھی موجودتھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیوایک قومی مسئلہ ہے اور اس کے خاتمہ کیلئے ہم میں سے ہر ایک کو اپنا کردار اورذمہ داری ادا کرنی چاہئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے علماء سے کہا کہ وہ جمعةالمبارک کے اجتماعات میں لوگوں کو پولیو کے قطروںکی افادیت کے بارے میں آگاہ کریں ۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران اور ای پی آئی پروگرام کے کارکنوں ،شہری دفاع کے رضاء کاروں پر زور دیا کہ وہ پولیو مہم کی کامیابی کیلئے متحرک ہوں ،انہوں نے واضح کیا کہ پولیو مہم میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور مرتکب اہلکاروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں ان کا اعزازیہ روکنا بھی شامل ہے۔

اجلاس میں سی ای او ڈاکٹر نصرت ریاض نے پولیو مہم کے انتظامات کے بارے میں بتایا کہ سرگودہا میں اس مہم کے دوران پانچ لاکھ 99ہزار39بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ جس کیلئے 1280موبائل،198مستقل جبکہ آمد و رفتی مقامات کیلئی79ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :