لگن اور محنت سے ہل چلانے والے کسان کی امیدوں کو بًر لانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، سیکرٹری زراعت

جمعہ 12 جنوری 2018 18:02

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء) سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود نے کہا ہے کہ کسان کے کھیت میں بکھیرے ہوئے بیج موتی میں تبدیل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں، لگن اور محنت سے ہل چلانے والے کسان کی امیدوں کو بًر لانے کیلئے ہر سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں، ہمیں یقینِ کامل ہے کہ سچے جذبوں کے ساتھ محنت کی جائے تو منزل قریب آجاتی ہے ،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے خوردنی تیل کے درآمدی بل کو کم کرنے کیلئے صوبہ بھر میں کئی انقلابی منصوبے شروع کئے ہیں ،تیلدار اجناس کی کاشت کے اہداف کا حصول یقینی بنایا جائیگا، اسی طرح زیتون کے 20لاکھ پودوں کی مفت فراہمی کے منصوبہ پر بھی تیزی سے عمل ہورہاہے ، تیلدار اجناس کو فروغ دینے کی مہم صوبہ بھر میں جاری ہے،ان انقلابی منصوبوں سے خوردنی تیل کی درآمد پر ہونے والے اخراجات میں کمی ہوگی اورکسان خوشحال ہوگا، کسان لگن اور محنت سے کام لے تو ان منصوبوں کے ذریعے وہ معاشی خوشحالی کا نیا دریچہ کھول سکتا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت کا عملہ ان منصوبوں سے کسان کو زیادہ فائدہ پہنچانے کیلئے گردش لیل ونہار سے بے خبر ہو کر فرائض سرانجام دے رہا ہے، کاشتکاروں کے پاس اب سنہرا موقع ہے کہ مذکورہ منصوبوں سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔