قصور کے اندوہناک واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، لاشوں پر سیاست سے گریز کیا جائے، محمد پرویز ملک

جمعہ 12 جنوری 2018 18:02

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء) وفاقی وزیر صنعت و تجارت اور پاکستان مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدر محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ قصور کے اندوہناک واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، لاشوں پر سیاست سے گریز کیا جائے، یہ انسانیت سوز واقعہ ہم سب کیلئے لمحہ فکریہ ہے، جس درندہ صفت ملزم نے یہ ظلم اور زیادتی کی ہے وہ قانون کے مطابق قرار واقعی سزا سے نہیں بچ پائے گا،معصوم بچی کے قتل پر ہر آنکھ اشکبار ہے، ملک کو مسائل کے گرداب سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈالنا پاکستان مسلم لیگ(ن) کا تاریخی کارنامہ ہے،دھرنوں اور لاک ڈائون کی منفی سیاست کے باوجود ترقی کا سفر رکنے نہیں دیا جبکہ خالی نعروں سے نیا پاکستان بنانے والوں نے عوام میں مایوسی پھیلائی اورملک کی خوشحالی کے سفر کو روکنے کی سازش کی،شکست خوردہ ان عناصر کی سیاست جھوٹ، بے بنیاد الزامات اوردشنام طرازی کے گرد گھوم رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور دفتر میں گفتگو کرتی ہوئے کیا۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی چوہدری شہباز، میاںمرغوب احمد،سید توصیف شاہ،ڈاکٹراسداشرف،عامر خان،تنویر ضیا بٹ،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف ملکی تعمیرو ترقی کی علامت جبکہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کا نظریہ ہے، مخالفین جتنی چاہیں سازشیں کرلیں کامیاب نہیں ہوں گے،انہیںملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی،ملک میں جاری ترقیاتی کاموں کی وجہ سے (ن) لیگ کی قیادت کی مقبولیت میں اضافے سے یہ خوفزدہ ہیںاور انہیں2018ء میں اپنی شکست نظر آ رہی ہے۔