پیٹرسن کی 74 رنز کی جارحانہ اننگز، میلبورن سٹارز نے بگ بیش لیگ میں متواتر پانچ شکستوں کے بعد پہلی فتح کا مزہ چکھ لیا، پیٹرسن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

جمعہ 12 جنوری 2018 18:02

پیٹرسن کی 74 رنز کی جارحانہ اننگز، میلبورن سٹارز نے بگ بیش لیگ میں متواتر ..
میلبورن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء)کیون پیٹرسن کی 74 رنز کی جارحانہ اننگز کی بدولت میلبورن سٹارز نے بگ بیش ٹی ٹونٹی کرکٹ لیگ میں متواتر پانچ شکستوں کے بعد پہلی فتح کا مزہ چکھ لیا، سٹارز نے میلبورن رینی گیڈز کو 23 رنز سے شکست دی، پیٹرسن کو شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو کھیلے گئے بی بی ایل کے 26ویں میچ میں میلبورن سٹارز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، پیٹرسن نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 74 رنز کی اننگز کھیلی، ہینڈز کامب 41 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، گلین میکسویل نے 31 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے، محمد نبی نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں میلبورن رینی گیڈز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 144 رنز بنا سکی، کپتان ڈیوائن براوو 26 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد نبی اور ولڈر موتھ 23، 23 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کولمان نے 3 ہیسٹنگز اور وورال نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔