واپڈا کی ٹیم قومی ڈیپارٹمنٹل ون ڈے کپ کے فائنل میں پہنچ گئی، واپڈا نے پی ٹی وی کو با آسانی 9 وکٹوں سے شکست دی،

کامران اکمل 87 رنز بنا کر نمایاں، سلمان بٹ اور بسم اللہ خان کی ناقابل شکست نصف سنچریاں

جمعہ 12 جنوری 2018 18:02

واپڈا کی ٹیم قومی ڈیپارٹمنٹل ون ڈے کپ کے فائنل میں پہنچ گئی، واپڈا نے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء) کامران اکمل، سلمان بٹ اور بسم اللہ خان کی شاندار بلے بازی کی بدولت واپڈا کی ٹیم قومی ڈیپارٹمنٹل ون ڈے کرکٹ کپ کے فائنل میں پہنچ گئی، فاتح ٹیم نے پی ٹی وی کو دوسرے سیمی فائنل میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا، واپڈا نے 232 رنز کا ہدف 43 اوورز میں محض ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، کامران اکمل اور کپتان سلمان بٹ نے ٹیم کو 123 رنز کا جاندار آغاز فراہم کر کے اس کی جیت کی بنیاد رکھی، کامران اکمل 87 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو کپتان نے بسم اللہ خان کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ میں 111 ناقابل شکست جوڑ کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، سلمان بٹ 75 اور بسم اللہ خان 67 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں پی ٹی وی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، کپتان سعود شکیل 47 رنز بنا کر نمایاں رہے، حسن رضا 34، محمد عرفان فائیو 33، حسن محسن 30، تیمور خان 29، علی خان 27، نہال منصور 18، علی عمران اور سمیع اللہ بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، ولید ملک 5 اور اطہر محمود 2 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، جواب میں واپڈا نے مطلوبہ ہدف 43 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کیا، ہدف کے تعاقب کیلئے واپڈا کی ٹیم جب میدان میں اتری تو کامران اکمل اور سلمان بٹ نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو 123 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، کامران اکمل 87 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو بسم اللہ خان نے کپتان کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا اور دوسری وکٹ میں 111 رنز کی ناقابل شکست شراکت بنا کر ٹیم کو فتح دلائی، سلمان بٹ 75 اور بسم اللہ خان 67 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

متعلقہ عنوان :