کرنی سینا نے ’پدماوت‘ کو ریلیز کی اجازت دینے پر سنسر بورڈ کا گھیراؤ کرلیا

جمعہ 12 جنوری 2018 17:32

کرنی سینا نے ’پدماوت‘ کو ریلیز کی اجازت دینے پر سنسر بورڈ کا گھیراؤ ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2018ء)انتہا پسند ہندو تنظیم شری راجپوت کرنی سینا نے فلم ’پدماوت‘ کی نمائش کی اجازت دینے پر بھارتی سنسر بورڈ کے دفتر کا گھیراؤ کرلیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوتی‘ تنازعات سے باہر نکلنے کا نام ہی نہیں لے رہی اور فلم میں کئی تبدیلیوں کے باوجود بھی انتہا پسند فلم کی نمائش روکنے کیلئے سرگرم ہوگئے بھارتی میڈیا کے مطابق کرنی سینا سے تعلق رکھنے والے مظاہرین نے فلم کی نمائش کی اجازت دینے پر بھارتی فلم سنسر بورڈ کے دفتر کا گھیراؤ کیا اور وہاں دھرنا دے دیا۔

کرنی سینا کے رہنما جیون سنگھ نے الزام عائد کیا کہ فلم کا صرف نام تبدیل کیا گیا ،ْ کہانی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جس کے خلاف سنسر بورڈ کے دفتر کا گھیراؤ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگرچہ فلم کی نمائش پر کئی ریاستوں میں پابندی عائد ہے تاہم پورے بھارت میں اس کی نمائش پر پابندی لگائی جانی چاہیے ،ْ بصورت دیگر کسی بھی نقصان کی ذمہ دار حکومت ہی ہوگی۔

دوسری جانب ممبئی پولیس نے کرنی سینا کی گھیراؤ کی دھمکی کے بعد ہی سیکورٹی کے سخت انتظامات کرلیے تھے، لہذا دھرنے کے کچھ ہی دیر بعد مظاہرین کی گرفتاریاں شروع ہوگئیں جس سے مظاہرین منتشر ہوگئے ،ْپولیس نے بیشتر مظاہرین کو گرفتار کرلیا ہے جن میں کئی رہنما بھی شامل ہیں۔فلم پدماوت میں دپیکا پڈوکون، شاہد کپور اور رنویر سنگھ نے مرکزی کردار کیا اور فلم 25 جنوری کو نمائش کیلئے پیش کی جائیگی ۔