بچوں کو اغوا، زیادتی اور قتل کے مجرموں کو سرعام پھانسی دینے ،لاش 2 دن تک سولی پر لٹکائے رہنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

جمعہ 12 جنوری 2018 16:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2018ء) بچوں کو اغوا، زیادتی اور قتل کے مجرموں کو سرعام پھانسی دینے اور لاش 2 دن تک سولی پر لٹکائے رہنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی ۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ملک تیمور مسعود کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ بچوں سے زیادتی اور قتل کی لرزہ خیز واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے جس کی بنیادی وجہ موثر قانون کا نہ ہونا ہے جس سے ملزم آزاد گھوم رہے ہیں۔

بچوں سے زیادتی اور قتل کی وارداتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے موثر قانون سازی کی جائے اور ایسے واقعات کے مجرموں کو شہر کے مین چوراہے پر پھانسی دی جائے۔قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ایسے مجرموں کی لاشوں کو دو دن تک سولی پر لٹکانے رکھا جائے تاکہ اس طرح کے واقعات میں ملوث مجرمان کو عبرت ملے۔