غیرقانونی تعمیرات کے سدباب کے لئے تمام تر قانونی کارروائی کوبروئے کار لایاجائے گا ،آغا مقصود عباس

جمعہ 12 جنوری 2018 16:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2018ء) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹرجنرل آغامقصود عباس نے کہا ہے کہ رفاحی ورہائشی پلاٹس پر استعمال اراضی کی خلاف ورزیوں ،غیرقانونی تعمیرات کے سدباب کے لئے تمام تر قانونی کارروائی کوبروئے کار لایاجائے گا اور اس زمرے کی خلاف ضابطہ تعمیرات پر موثرانہدامی عمل ،ملوث افرادکے خلا ف ایف آئی آر کااندراج اور قانونی چارہ جوئی بھی کی جائے جبکہ ادارے سے کسی کے ملوث قرار پانے پر سخت ایکشن کیاجائے گا ۔

انہوں نے یہ بات ایس بی سی اے میں منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ،اجلاس میں رفاحی ورہائشی پلاٹس کے خلاف ضابطہ استعمال وتعمیرات کے سلسلے میں ایس بی سی اے کی جانب سے جاری انہدامی مہم کی تفصیلات کاجائزہ لیاگیااس موقع پر ڈائریکٹرجنرل نے انہدامی عمل میں مزید تیزی لانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ سروے رپورٹس کاسلسلہ مسلسل جاری رکھاجائے اور انہدامی عمل میں تاخیروالتوا،نئی تعمیراتی خلاف ورزیوں اور دکھاوے کے انہدامی عمل کے معاملے کی سختی سے جانچ کی جائے اور سرپرستی میں ملوث افسران کو سامنے لایاجائے انہوں نے واضح الفاظ میں کہاکہ تحقیقات میں ملوث قراردیئے جانے والے افسران واسٹاف کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے نوکری سے برخاستگی،عہدے سے تنزلی اور دوسرے ریجن میں ٹرانسفر کردیاجائے گیااس سلسلے میں کسی بھی سفارش کوخاطر میں نہیں لایاجائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے تبدیلی استعمال اراضی اورغیرقانونی تعمیرات کے سلسلے میں سروے پر زوردیتے ہوئے کہاکہ دوہفتے میں تمام رپورٹس پیش کی جائیں انہوں نے ہدایات دی کہ غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں بلاتفریق کی جائیں ،معاملہ رفاحی پلاٹس پرشادی لان وغیرہ یاکاروباری استعمال کاہویارہائشی پلاٹس پرکمرشل تعمیرات پورشنزوغیرقانونی منزلوں کاہوملوث افراد وبلڈرمافیا کے خلاف سخت ایکشن کے لئے ضروری ہے کہ انہدامی عمل مکمل کیاجائے اوربعدازانہدام دوبارہ تعمیرات کی صورت میںایف آئی آر کاانداراج اور قانونی چارہ جوئی بھی کی جائے تاکہ اس کاروبار اورتعمیرات کاجڑسے خاتمہ کیاجاسکے اس سلسلے میں متعلقہ علاقائی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کروائی جائے تاکہ بعدازاں تعمیرات کوروکنے کے حوالے سے علاقہ ایس ایچ اوپربھی ذمہ داری عائد ہوسکے ۔

اجلاس میں ڈائریکٹرماسٹرپلان سرفراز احمد،ایس بی سی اے کے سینئرڈائریکٹرز آشکار داور،اقبال حسین،منورصدیقی اورڈائریکٹرڈیمالیشن جمیل میمن سمیت ایس بی سی اے کے تمام ڈائریکٹرز اورڈپٹی ڈائریکٹرزکے علاوہ ماسٹرپلان کے دیگر افسران بھی شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :