قصور واقعہ ،کراچی بار ایسوسی ایشن کا جنرل باڈی اجلاس ،مذمتی قرارداد منظور

ایسے مقدمات کے لئے اسپیشل کورٹس بنائے جائیں جہاں لوگوں کی عزت محفوظ ہو،حیدرامام رضوی

جمعہ 12 جنوری 2018 16:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2018ء) کراچی بارایسوسی ایشن کی جانب سے قصور میں 7سالہ بچی زینب کے ساتھ ہونے والی زیادتی وقتل کے خلاف جمعہ کو جنرل باڈی کا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس سے وکلا رہنماوں نے خطاب کرتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی جبکہ اجلاس کے آخر میں مذمتی قرارداد بھی منظور کی گئی۔تفصیلات کے مطابق کراچی بارایسوسی ایشن کی جانب سے قصور میں 7سالہ بچی زینب کے ساتھ ہونے والی زیادتی وقتل کے خلاف جنرل باڈی کا اجلاس طلب کیا گیا۔

اجلاس میں صدر کراچی بار ایسوسی ایشن حیدر امام رضوی سمیت دیگر عہدیداروں نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر وکلا کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اجلاس سے وکلا رہنماوں نے خطاب کرتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر کراچی بار ایسوسی ایشن حیدر امام رضوی نے کہا کہ زینب پہلا کیس نہیںاور نہ ہی یہ پہلا واقعہ ہے،اس سے پہلی ایسے واقعات ہوچکے ہیں اور اس کے بعد بھی واقعات ہو تے رہیں گے ۔ ایسے مقدمات کے لئے اسپیشل کورٹس بنائے جائیں جہاں لوگوں کی عزت محفوظ ہو،ان عدالتوں میں صرف زنا کے مقدمات کی سماعت ہونی چاہیے ۔ تھانوں میں ایسے معاملات کے لئے مخصوص جگہ ہونی چاہیے ۔اجلاس کے اخر میں وکلا کی جانب سے مذمتی قرارداد بھی منظور کی گئی۔

متعلقہ عنوان :