مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا سید طالب حسین ہمدانی کاقصور واقعہ پر شدید غم و غصے کا اظہار

سانحہ کو متعلقہ اداروں کی نا اہلی قرار دیدیا

جمعہ 12 جنوری 2018 16:52

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جنوری2018ء) مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا سید طالب حسین ہمداانی نے قصور واقعہ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے متعلقہ اداروں کی نا اہلی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کم سن بچوں پر جنسی تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات ایک اسلامی ریاست کے چہرے پر بھیانک داغ ہیں،معصوم زینب کی عصمت دری اور قتل کے واقعے نے پوری قوم کوجھنجھوڑکر رکھ دیا ہے، ایک جانب معصوم پھول جیسی بچی کو درندگی کا نشانہ بنایا گیا دوسری جانب پنجاب پولیس نے سانحہ ماڈل کی یادتازہ کرتے ہوئے نہتے مظاہرین پر گولیاں برساکر دوشہریوں کو قتل کردیا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ میں اس اہم مسئلہ پر قانون سازی کرتے ہوئے ایسے گھناوئنے واقعات کا ارتکاب کرنے والوں کیلئے سرعام پھانسی کی سزا متعین کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مذید کہا کہ اس واقعہ نے پنجاب حکومت کی گڈ گورننس کی قلعی کھول دی. واقعہ کے بعد پنجاب کے وزیر لا قانونیت رانا ثناء اللہ کی نجی ٹی وی سے گفتگو اس سے زیادہ قابل مذمت تھی.قاتل پنجاب حکومت کا یوم حساب دور نہیں. انھوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین مطالبہ کرتی ہے سات سالہ زینب کے درندہ صفت قاتل اور نہتے مظاہرین پر فائرنگ کرنے والوں کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔انہوں نے کم سن زینب کے قتل میں ملوث افراد کے لئے فوری اور عبرت ناک سزا کا مطالبہ بھی کیاہے۔