محکمہ پی اینڈ ڈی کی اکانومسٹ ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران نے حلف اٹھا لیا

اکانومسٹ ایسوسی ایشن اپنے اکانومسٹ افسران کی فلاح و بہبود کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریگی‘ ملک ندیم کامران

جمعہ 12 جنوری 2018 16:48

محکمہ پی اینڈ ڈی کی اکانومسٹ ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران نے حلف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2018ء)محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب کی اکانومسٹ ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری گزشتہ روز پنجاب سول آفیسرز میس میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ملک ندیم کامران نے کی جبکہ چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب محمد جہانزیب خان، صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو، اکانومسٹ ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران سلمان افتخار علی شامی (صدر)، رشید احمد فاروقی (نائب صدر) ، امجد علی( جنرل سیکرٹری)، عظمیٰ حفیظ (جوائنٹ سیکرٹری) ، حافظ محمد اقبال (انفارمیشن سیکرٹری)، سلیم الیاس (فنانس سیکرٹری)، جوائنٹ چیف اکانومسٹ پی اینڈ ڈی ڈاکٹر امان اللہ، سینئر چیفس و چیفس آف ڈویلپمنٹ سیکٹرز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اکانومسٹ ایسوسی ایشن پی اینڈ ڈی کی حلف برداری تقریب میں صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ملک ندیم کامران نے ایسوسی ایشن کے نو منتخب ممبران سے اپنے اپنے عہدوں کا حلف لیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی ملک ندیم کامران نے کہا کہ محکمہ پی اینڈ ڈی کی اکانومسٹ ایسوسی ایشن اپنے اکانومسٹ افسران کی فلاح و بہبود کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرے گی۔

مذکورہ ایسوسی ایشن کے وجود سے پی اینڈ ڈی کے افسران کے مابین مضبوط باہمی روابط استوار ہونگے اور سرکاری امور نمٹانے میں بہتری آئے گی۔انہو ں نے صوبے کی ڈویلپمنٹ میں اہم کردار ادا کرنے پر چیئر مین پی اینڈ ڈی اور صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اکانومسٹ ایسوسی ایشن کے مسائل کو اولین ترجیحات کی بنیاد پر حل کیا جائے گا۔

انہوں نے ایسوسی ایشن کو باور کروایا کہ صوبے میں ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسرز (فنانس اینڈ پلاننگ) کی پوسٹوں کے متبادل پی اینڈ ڈی افسران کیلئے نئی پوسٹیں تخلیق کی جائیں گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد جہانزیب خان نے کہا کہ محکمہ پی اینڈ ڈی کے اکانومسٹ افسران کو تمام تر صوبائی محکمہ جات میں اپنی خدمات فراہم کرنے کے مواقع ملنے چاہئیں تاکہ وہ ترقیاتی امور کی انجام دیہی کے سلسلہ میں اپنا بہترین کردار ادا کر سکیں۔

اس موقع پر صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو نے کہا کہ پی اینڈ ڈی کی اکانومسٹ ایسوسی ایشن کے مسائل کے حل کیلئے محکمہ پی اینڈ ڈی ایسوسی ایشن کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا اور ایسوسی ایشن کو اپنے امور کو خوش اسلوبی کے ساتھ نبٹھانے کیلئے ڈیپارٹمنٹ کی مکمل سپورٹ حاصل ہوگی۔ تقریب کے اختتام پر ایسوسی ایشن کی جانب سے صدر سلمان افتخار علی شامی نے ایسوسی ایشن کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی پر صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی، چیئرمین پی اینڈ ڈی اور صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی کا شکریہ ادا کیا۔