پاکستان کا بھارت سے لائن آف کنٹرول پراشتعال انگیزی کے خلاف شدید احتجاج

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 12 جنوری 2018 15:13

پاکستان کا بھارت سے لائن آف کنٹرول پراشتعال انگیزی کے خلاف شدید احتجاج
 اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 جنوری۔2018ء) پاکستان نے بھارت کے قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے لائن آف کنٹرول کے کوٹ کٹیرا سیکٹر پر بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ روز کوٹ کٹیرا سیکٹر پر بھارتی فورسز کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ سے خاتون شہری کی شہادت پر پاکستان میں تعینات بھارتی قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔

(جاری ہے)

دفترخارجہ کے مطابق ڈی جی ساﺅتھ ایشیا ڈیسک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنرکو احتجاجی مراسلہ بھی دیا جس میں کہا گیا کہ 11 جنوری کو کوٹ کٹیرا سیکٹر پر بھارتی فورسز نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں 65 سالہ خاتون حسین بی بی شہید ہوئیں۔ بھارتی فورسز گزشتہ 12 روز میں 70 مرتبہ اور گزشتہ ایک سال میں 1900 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرچکی ہے۔ بھارت 2003 کے سیز فائر معاہدے کا احترام کرے اور کوٹ کٹیرا سیکٹر سمیت سیزفائر کی خلاف ورزی کے دیگر واقعات کی تحقیقات کرے۔