فاٹا سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی کا سپریم کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ تک وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقہ جات کے عوام کو رسائی دینے کے بل کی منظوری پر اطمینان کا اظہار

جمعہ 12 جنوری 2018 15:41

فاٹا سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی کا سپریم کورٹ اور پشاور ہائی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء) فاٹا سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ تک وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقہ جات کے عوام کو رسائی دینے کے بل کی منظوری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قبائلی علاقہ جات کے عوام کی ایف سی آر کے ظالمانہ نظام سے آزادی کی طرف پہلا قدم ہے‘ قبائلی علاقہ جات کے صوبہ خیبر پختونخوا میں انضمام سے فاٹا کے عوام کو حقیقی آزادی حاصل ہوگی‘ حکومت سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے شکرگزار ہیں۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں بل کی منظوری کے بعد بات کرتے ہوئے شہاب الدین خان نے کہا کہ ہماری جماعت کا یہ منشور تھا کہ فاٹا کو کے پی کے میں ضم کریں گے۔ ہم حکومت‘ اپوزیشن اور فاٹا اصلاحات کمیٹی کے شکرگزار ہیں‘ آج فاٹا میں جشن ہے۔

(جاری ہے)

90 فیصد قبائلیوں کی یہی خواہش تھی کہ ایف سی آر کا خاتمہ ہو۔ سپیکر نے کہا کہ فاٹا اصلاحات پر عبدالقادر بلوچ نے ذاتی طور پر دلچسپی لے کر اصلاحات کی تجویز دی‘ اپوزیشن کا بھی کردار قابل تحسین ہے۔

نذیر خان نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اصلاحات کمیٹی کے شکرگزار ہیں‘ حکومت کے شکرگزار ہیں جنہوں نے یہ اصلاحات کیں۔ آج فاٹا کے لوگ خوش ہیں۔ شاہ جی گل آفریدی نے کہا کہ آج پورے ملک میں آئین و قانون کا دائرہ پھیل گیا ہے۔ میں حکومت‘ اپوزیشن جماعتوں کا شکرگزار ہوں۔ اس فیصلے سے پاکستان ترقی یافتہ ملک اور دنیا کا امن پسند ملک بنے گا۔

وزیر مملکت غالب خان نے کہا کہ یہ ہماری حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ اس پر اپنے قائد نواز شریف کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ فاٹا کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا۔ جنرل قادر بلوچ نے جو اصلاحات کی خدمات سرانجام دیں ایک تاریخ کن ہے۔ اس پر ان کے مشکور ہیں۔ فاٹا کے عوام نسل در نسل نواز شریف کو اس پر دعائیں دیتی رہے گی۔ صاحبزادہ طارق اللہ نے بھی اس اقدام پر سپیکر اور ایوان کو مبارکباد دی۔

ڈاکٹر غازی گلاب جمال نے بھی بل کی منظوری پر پورے ایوان کی تمام جماعتوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ کام اتنا آسان نہیں تھا‘ یہ ایک مشکل کام تھا جو سرانجام دیا گیا ہے۔ یہ کام نعروں کے ساتھ نہیں ہو سکتا تھا بلکہ اس کے لئے سوچ بچار اور ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت تھی۔ حکومت سمیت تمام جماعتوں نے خوش اسلوبی سے یہ کام پایا تکمیل تک پہنچایا ہے۔ ایم کیو ایم کے رکن شیخ صلاح الدین نے کہا کہ فاٹا کے عوام کی بہتری کی طرف بل کی منظوری پہلا قدم ہے۔