قبائلی علاقہ جات کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ساتھ انضمام کو بھی قبائلی علاقوں کے عوام کی سفارشات کے مطابق یقینی بنایا جائے گا، وفاقی وزیر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

جمعہ 12 جنوری 2018 15:40

قبائلی علاقہ جات کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ساتھ انضمام کو بھی قبائلی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء) وفاقی وزیر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ قبائلی علاقہ جات کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ساتھ انضمام کو بھی قبائلی علاقوں کے عوام کی سفارشات کے مطابق یقینی بنایا جائے گا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ بل کے حوالے سے حزب اختلاف نے ہمارا ساتھ دیا جس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کا حق ہے کہ اس کی سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ تک رسائی ہونی چاہیے۔ ایف سی آر کی وجہ سے قبائلی علاقوں کے عوام کی حق تلفی ختم کرنے کا اعزاز مسلم لیگ (ن) کو حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا اصلاحات اور سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے صدر مملکت سے قبائلی علاقوں کے انضمام کی بھی درخواست کی جائے گی۔ فاٹا کے منتخب نمائندوں کو ہم نے اختیار دے رکھا ہے کہ وہ گورنر کے پی کے کے ساتھ مل کر فاٹا اصلاحات پر کام کر رہے ہیں۔ بل کی منظوری پر پورے ایوان کو مبارکباد دیتا ہوں۔