بھارتی پولیس نے جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے سربراہ و سینئر حریت کانفرنس رہنما مختار احمد وازہ کو گرفتار کرلیا‘ شیر باغ تھانہ منتقل

مختار احمد وازہ کی ایک بار پھر بلا جواز گرفتاری کیخلاف جموں وکشمیر پیپلز لیگ کی شدید مذمت

جمعہ 12 جنوری 2018 15:23

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جنوری2018ء) جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے سربراہ و سینئر حریت کانفرنس رہنما مختار احمد وازہ کو علی الصبح بھارتی پولیس نے گرفتار کرلیا، شیر باغ تھانہ منتقل۔ مختار احمد وازہ نے حالیہ دنوں میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونیوالوں کے ورثاء سے اظہار تعزیت کیلئے جانا تھا کہ پولیس کی جانب سے ان کے گھر کو گھیرے میں لے کر گرفتاری عمل میں لائی ۔

جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے سربراہ مختار احمد وازہ کی ایک بار پھر بلا جواز گرفتاری کیخلاف جموں وکشمیر پیپلز لیگ کی جانب سے شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور اسے بھارتی بوکھلاہٹ قرار دیا ۔ ترجمان جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے مطابق سینئر حریت رہنما نے بھارتی فوج کے ہاتھوں حالیہ دنوں میں شہید ہونیوالے افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیلئے جاناں تھا کہ انہیں حراست میں لے لیا گیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کرسکتی۔ سینئر حریت رہنمائوں ، آزادی پسند کشمیری عوام کی آئے روز بلا جواز گرفتاریوں سے واضح ہو گیا ہے کہ ہندوستان شکست قبول کر چکا ہے۔اُسے چاہیے کہ وہ اب جلد از جلد مقبوضہ جموں وکشمیر سے اپنی افواج کا انخلاء کرے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی پسند رہنما بھارتی مظالم کیخلاف سراپا احتجاج ہیں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا پیدائشی حق چاہتے ہیں مگر بھارت اپنے اوچھے ہتھکنڈوں کے زریعے کشمیریوں کو آزادی سے محروم رکھنے کی سازشوں میں مصروف ہے ۔ کشمیر کے عوام جانوں کا نذرانہ پیش کر کے تحریک آزادی کو جلا بخش رہے ہیں۔