مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کو الحاق پاکستان کی منزل تک پہنچنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے‘پاکستان کیخلاف سازشوں کا جو جال پھیلایا جا رہا ہے پوری قوم ملکر اسے ناکام بنا دے

آزادجموں وکشمیر کی وزیر صنعت و تجارت وسمال انڈسٹریز محترمہ نورین عارف کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

جمعہ 12 جنوری 2018 15:21

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جنوری2018ء) آزادجموں وکشمیر کی وزیر صنعت و تجارت وسمال انڈسٹریز محترمہ نورین عارف نے کہا ہے کہ مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کو الحاق پاکستان کی منزل تک پہنچنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔پاکستان کے خلاف سازشوں کا جو جال پھیلایا جا رہا ہے پوری قوم ملکر اسے ناکام بنا دے ۔ وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر کی خصوصی ہدایت پر اس سال 5 فروری کویوم یکجہتی کشمیر پورے جوش وجذبے سے منایا جائیگاتاکہ پاکستان اور کشمیر کے درمیان جو ازلی و ابدی رشتہ قائم ہے ا سے مہمیز ملتی رہے۔

کشمیریوں نے لازوال جدوجہد آزادی کے ذریعے عالمی دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ بھارت کا جبر واستبداد اور مظالم اسے الحاق پاکستان سے روک نہیں سکتے انشاء اللہ وہ دن آئے گا جب پوری ریاست جموں وکشمیر کا الحاق پاکستان کے ساتھ ہو گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی خواہش ہے کہ نئی نسل کو درست اور مستند تاریخ سے آگا ہ کیا جائے اس لیے تمام محکمے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے پروگرام پوری دیانتداری اور ملی جذبے سے کریں۔

نوجوان سوشل میڈیا کے ذریعے کشمیریوں پر بھارت کے مظالم کا پردہ چاک کریں ۔محترمہ نورین عارف نے ان خیالات کا اظہار 5 فروری کو یوم یکجہتی منانے کے انتظامات کا جائز ہ لینے کے حوالہ سے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ محترمہ نورین عارف نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی امیدوں کا مرکز ہے۔ ہمارے دل سبز ہلالی پرچم کو سر بلند دیکھ کر باغ باغ ہو جاتے ہیں۔

یہ ملک ہماری امیدوں آرزوں اور آدرشوں کا مرکز ہے۔ اس لیے ہمیں ملکر اس کی تعمیر وترقی میں حصہ ڈالنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام نے تحریک آزادی میں جو قربانیاں دی ہیں ہم اس کا احاطہ نہیں کر سکتے ۔ وہ عظیم جدوجہد کے عظیم لوگ خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہیں ہم خراج عقیدت پیش کر تے ہیں کیونکہ یہ قربانیاں الحا ق پاکستا ن کے لیے ہیں اور سبز ہلالی پرچم کے لیے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میری تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے کہ وہ دشمنوں کی سازشوں کو سمجھیں اس ملک کو کمزور نہ کریں ۔ پاکستان اسلامی دنیا کے لیے بھی ایک سہارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو اہم قومی دنوں کی اہمیت سے آگاہ کر نے کی ضرور ت ہے تاکہ وہ پوری دل جمعی سے ان تقریبات میں حصہ لیں ۔ اس سے پہلے ایڈیشنل سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن خالد سلیم نے وزیر حکومت محترمہ نورین عارف کو 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے ہونے والی تقریبات کی تفصیلات بتائیں۔

انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ وزیراعظم نے وزیر حکومت کی سربراہی میں جو کمیٹی قائم کی تھی اس نے اس حوالہ سے اپنی سفارشات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر 5فروری 2018 ملی جوش وجذبہ سے بنایا جا ئیگا جس دن عام تعطیل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ دن کی مناسبت سے دارلحکومت سمیت ، آزادکشمیر بھر میں جملہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

صبح دس بجے سائرن بجتے ہی ٹریفک رک جائے گی جبکہ دن کا آغاز تحریک آزادی کشمیر کے لیے دعائوں سے ہوگا۔ 5فروری کی مناسبت سے صدر ، وزیر اعظم ،کشمیری قائدین کے پیغامات ، پاکستان ٹیلی وژن اور ریڈیو پاکستان پر اس دن کی مناسبت سے پروگرام ، مذاکرے ، مباحثے ، مشاعرے ، سکولوںاور کالجوں میں تقریری مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دارلحکومت میں آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی و کشمیر کونسل کا مشترکہ اجلاس بھی ہوگا۔

انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے سلسلہ میں معتبر قومی اور مقامی روزناموں میں خصوصی اشاعت کا اہتمام بھی کرایا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کو ملانے والے تمام پلوں پر انسانی زنجیر کے علاوہ تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں پروگرامز ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مہاجر کیمپوں میں راشن پیکجز اور آزادکشمیر کے تمام انٹری پوائنٹس او ر اہم جگہوں پر ہورڈنگز اور بینرز آویزاں کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کے حوالہ سے کوہالہ ، مظفرآباد اور راولاکوٹ میں دستخطی مہم بھی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات اس حوالہ سے مرکزی کمیٹی سے تعاون کررہے ہیں اور امید ہے کہ وہ آئیند ہ بھی مثالی تعاون بھی جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر سیکرٹری لبریشن سیل ادریس عباسی اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے تجاویز پیش کیں جنہیں منظور کر لیا گیا۔

محترمہ وزیر حکومت نے ان تجاویز کو سراہا ۔ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں سیکر ٹری اطلاعات و آئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد سیکرٹری لبریشن سیل ادریس عباسی ، سیکرٹری صنعت و حرفت راجہ طارق مسعود ، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال ، کمشنر مظفرآباد ظفر خان، کمشنر پونچھ چوہدری امتیاز ، کمشنر میرپور چوہدری طیب ، ڈائریکٹر جنرل کشمیر کلچرل اکیڈمی شفقت علی چوہدری، کمشنر بحالیا ت محترمہ تہذیب النساء ، ڈی آئی جی چوہدری لیاقت ، معاون ناظم اطلاعات خواجہ عمران الحق سمیت تمام محکمہ جات کے ذمہ داران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :