چیئر مین کمیٹی چوہدری محمد اسحاق کی زیر صدارت آزاد کشمیر پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس

ورکنگ پیپر متعلقہ آفیسران کی تیاری و کارکردگی مفقود ہونے پر اراکین کمیٹی کا سخت اظہار برہمی

جمعہ 12 جنوری 2018 15:21

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جنوری2018ء)آزاد کشمیر پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس جمعتہ المبارک کو چیئر مین کمیٹی چوہدری محمد اسحاق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ ممبران کمیٹی کرنل (ر) وقار احمد نُور، حافظ محمد احمد رضا قادری، ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی سمیت متعلقہ محکمہ جات کے حکام نے شرکت کی۔ سپیشل سیکرٹری اسمبلی طارق ضیاء عباسی نے سیکرٹری کمیٹی کے فرائض سر انجام دیئے۔

اجلاس میں محکمہ زکوٰاة و عُشر کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال ہونی تھی۔ بمطابق ورکنگ پیپر متعلقہ آفیسران کی تیاری و پراگریس مفقود پائی گئی جس پر کمیٹی نے سخت برہمی کا اظہار کیا ۔ کمیٹی نے استفسار کیا کہ 2013ء کے بعد آج آپکے محکمہ کی PACہو رہی ہے اور اس قدر غفلت کسی طور بھی قابل برداشت نہیں۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے کہا کہ موجود ڈرافٹ پیرا جات کو یکسو یا دیگر ہدایات کے لیئے ضروری ہے کہ متعلقہ مصدقہ رسیدات، تصدیقات یا جو بھی صورت ہو پیش کیا جانا ضروری ہے ، فرضی و زبانی باتوں کی کوئی اہمیت نہیں۔

آپکے پاس substantial evidence نہیں ہے۔ کمیٹی نے محکمہ زکوٰاة و عُشرکو ہدایت کی کہ ڈیڑھ ماہ کی آپکو مہلت دی جاتی ہے اس کے دوران کمیٹی کی ہدایات کی روشنی میں اپنی کارکردگی کو قابل قبول بنا کر جو تاریخ دی جائے گی اس اجلاس میں مکمل تیاری و کارکردگی کے ساتھ شرکت کی جائے ۔چوہدری محمد اسحاق چیئر مین پبلک اکائونٹس کمیٹی نے کمیٹی کا اجلاس ملتوی کر دیا۔ اب جاریہ شیڈول کے مطابق کمیٹی کا اجلاس 22جنوری بروز پیر ہو گا جس میں ترقیاتی ادارہ میرپور کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔