واقعہ کے مرتکب ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے‘ جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

جمعہ 12 جنوری 2018 14:32

واقعہ کے مرتکب ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے‘ جماعت اسلامی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء) جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا ہے کہ زینب ہماری بچی ہے‘ ہماری ہمدردیاں اس کے خاندان کے ساتھ ہیں‘ واقعہ کے مرتکب ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایاجائے‘ اس ایوان کو قانون سازی کرکے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں قصور واقعہ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ ایسے واقعات ہمارے معاشرے کا معمول بن چکے ہیں۔

قصور کا واقعہ کوئی نیا نہیں ہے، اس شہر میں اس قسم کے 12 مقدمات رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جن پر قصور پولیس تفتیش کر رہی ہے۔ پنجاب بڑا صوبہ ہے مگر ایسے واقعات صرف پنجاب میں نہیں ڈی آئی خان سمیت پورے ملک میں ہو رہے ہیں، جب تک جزا و سزا کا عمل نہیں ہوگا، واقعات نہیں رکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات سے عالمی سطح پر ہماری بدنامی ہو رہی ہے، زینب ہماری بچی ہے‘ ہماری ہمدردیاں اس کے خاندان کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان واقعہ کے 9 ملزم پکڑے گئے ہیں مگر انہیں سزا کون دے گا، ایسے واقعات کے مرتکب افراد کو سرعام لٹکانے کی سزا دینے کے لئے قانون سازی کی جائے، اگر ایسا کیا گیا تو آئندہ کوئی جرات نہیں کرے گا، عریانی اور فحاشی کے حوالے سے ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر جاری سیلاب کو نہ روکا گیا تو ایسے واقعات میں مزید اضافہ ہوگا، اس ایوان کو قانون سازی کرکے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی، تمام صوبائی وزراء اعلیٰ کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں، مظاہرین پر گولی چلانے کا جس نے حکم دیا اس کو بھی کیفر کردار تک پہنچایا جائے، اسلامی تعلیمات سے انحراف اور سودی نظام کی وجہ سے ہماری پکڑ ہو رہی ہے، اگر واقعہ کے مرتکب ملزمان کو کیفر کردار تک نہ پہنچایا گیا تو عوام میں مایوسی پھیل جائے گی۔