ہم ذاتی مفادات کیلئے بہت جلد طبقات میں تقسیم ہو جاتے ہیں، ہم نے اکٹھا ہو کر ملک کیلئے سوچنا ہے، محمد سجاد خان

جمعہ 12 جنوری 2018 13:34

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن ایبٹ آباد محمد سجاد خان نے کہا ہے ہماری بدقسمتی ہے کہ ہم ذاتی مفادات کیلئے بہت جلد طبقات میں تقسیم ہو جاتے ہیں، ہم نے اکٹھا ہونا ہے اور ملک کیلئے سوچنا ہے۔ وہ گذشتہ روز مقامی ہال میں پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک کے زیراہتمام نجی سکولز ریگولیٹری ممبران کے انتخابات میں کامیابی پر اظہار تشکر اور استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دوسروں کو حریف کی بجائے حلیف سمجھا جائے، مقابلہ بہتری کیلئے ہو کسی خرابی کیلئے نہیں، ہر فرد کی اپنی اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا چاہئے، بچہ چاہے سرکاری سکول کا ہو یا نجی سکول کا وہ ہمارا سرمایہ ہے، وہ آگے بڑھے گا تو ملک آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم تعلیمی بورڈ میں رہ کر تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کیلئے جدوجہد کریں، یہی خدمت خلق ہے، تعلیم دینا پیغمبری پیشہ ہے، نجی سطح پر اس کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے تعلیمی ادارہ چلانا ثواب بھی ہے اور کاروبار بھی، ہم نے جو کرنا ہے وہ مستقبل کے اچھے نتائج کیلئے کرنا ہے ۔