بچوں کو جنسی حملوں سے بچاؤ کی آگاہی دی جائے، ماہرہ خان

جمعہ 12 جنوری 2018 12:45

بچوں کو جنسی حملوں سے بچاؤ کی آگاہی دی جائے، ماہرہ خان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2018ء) پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے بچوں کو جنسی زیادتی سے محفوظ رکھنے کے لیے تعلیمی نصاب میں جنسی حملوں سے بچاؤ کے موضوع کو شامل کرنے اور والدین کو اس سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔زینب قتل کے خلاف فنکاروں کے ہمراہ کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا کہ قصور واقعے پر لوگوں کا باہر نکلنا خوش آئند ہے اور لوگوں کا احتجاج کے لیے جمع ہونا بچوں سے زیادتی کرنے والوں کے لیے پیغام ہے کہ ہم انٴْ درندوں سے زیادہ مضبوط ہیں۔

ماہرہ خان نے کہا کہ بچوں کے جنسی استحصال جیسے مسائل کا طویل المیعاد بنیادوں پر حل نکالنا ہوگا اور ہمیں زیادتی جیسے جرائم کے خاتمے کے لیے آواز بلند کرتی رہنی چاہیے، وقت آگیا ہے کہ بچوں کو جنسی زیادتی سے بچانے کے لیے آگاہی فراہم کی جائے اور اس سلسلے میں اسکولوں کے تعلیمی نصاب میں مضامین شامل ہونے چاہیئں جب کہ ماؤں کو بھی ترغیب دے کر بچوں میں ہراسانی سے بچنے کا شعور پیدا کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ماڈل اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایک وقت ایسا آئے گا کہ ہمیں کبھی زینب ’ہیش ٹیگ‘ یا ’جسٹس فار زینب‘ کے نعرے نہ لگانے پڑیں اور اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ ایسا واقعہ نہ ہو، زینب کیاہل خانہ کوانصاف ملنا چاہیے اور حکمرانوں کی ذمے داری ہے کہ لوگوں کو انصاف فراہم کرے۔