سپریم کورٹ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو تحلیل کاحکم دیدیا

عبوری کمیٹی اپنا کام جاری رکھے گی، یہی سیٹ اپ کمیٹی بنا کر میڈیکل کالجز کی انسپکشن کرے گا، اٹارنی جنرل بھی پی ایم ڈی سی کے عبوری سیٹ اپ میں شامل ہوں گے،چیف جسٹس ثاقب نثار کے ریمارکس

جمعہ 12 جنوری 2018 12:13

سپریم کورٹ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو تحلیل کاحکم دیدیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جنوری2018ء) سپریم کورٹ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی اپیل مسترد کرتے ہوئے کونسل کو تحلیل کردیا،عبوری کمیٹی اپنا کام جاری رکھے گی، یہی سیٹ اپ کمیٹی بنا کر میڈیکل کالجز کی انسپیکشن کرے گا، اٹارنی جنرل بھی پی ایم ڈی سی کے عبوری سیٹ اپ میں شامل ہوں گے۔ جمعہ کو چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے پی ایم ڈی سی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے پی ایم ڈی سی سے متعلق ایڈووکیٹ سردار لطیف کھوسہ کی طرف سے دائر اپیل منظور کرلی جبکہ پی ایم ڈی سی کے وکیل کی جانب سے کونسل کو کام کرنے دینے سے متعلق اپیل مسترد کردی۔سپریم کورٹ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو تحلیل کرنے کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب عدالت عظمی نے عبوری کمیٹی بھی تشکیل دینے کا حکم دیا، جس کی سربراہی جسٹس ریٹائرڈ شاکر اللہ جان کریں گے۔

عبوری کمیٹی میں اسلام آباد اور چاروں صوبوں سے میڈیکل کالجز کے وائس چانسلرز (وی سی)شامل ہوں گے جبکہ اٹارنی جنرل پاکستان بھی عبوری کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔یہ عبوری کمیٹی پی ایم ڈی سی کے نئے انتخابات کرانے کی ذمہ دار ہوگی۔ دوران سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا اٹارنی جنرل پی ایم ڈی سی کا ڈھانچہ بنائیں گے، اس پورے عمل کی نگرانی میں خود کروں گا، پی ایم ڈی سی میں کا سیکرٹری عہدے پر برقرار رہے گا۔