براڈبینڈ کی سہولیات کی ارزاں نرخوں پر دستیابی سے معاشرے کی ترقی میں مدد ملے گی، یونیورسل سپورٹ فنڈ (یو ایس ایف) کی معاونت سے منصوبہ مکمل کیا جائے گا

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا فاٹا کے 5896 دیہات کو براڈ بینڈ کی سہولیات کی فراہمی کے معاہدے کی تقریب سے خطاب

جمعہ 12 جنوری 2018 10:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ منصوبے کے تحت 5896دیہات کو براڈ بینڈ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جس کا مقصد ملک کے تمام علاقوںمیں براڈ بینڈ کی سہولیات کی فراہمی ہے۔ جمعہ کو یہاں یونیورسل سپورٹ فنڈ (یو ایس ایف) کی معاونت سے ملک کے قبائلی علاقوں میں براڈ بینڈ کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ہونے والے معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یو ایس ایف ملک میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک کے تمام علاقوں میں سستے نرخوں پر براڈ بینڈ کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے اقدامات کر رہی ہے تاکہ ملک کے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں عوام کو رابطوں کی بہترین سہولت حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس ایف معاشرے کی ترقی میں معاون کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت ملک میں سستے نرخوں پر براڈ بینڈ کی فراہمی کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کر رہی ہے تاکہ ٹیلی کام کے شعبے کی ترقی سے ملک کے تمام علاقوں کو یکساں طور پر مستفید کیا جاث سکے۔

متعلقہ عنوان :