معصوم زینب قوم کی بیٹی تھی، شہباز شریف کی مجرمانہ خاموشی ناقابل برداشت ،وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے بیانات شرمناک ہیں، پی ٹی آئی

جمعرات 11 جنوری 2018 22:54

معصوم زینب قوم کی بیٹی تھی، شہباز شریف کی مجرمانہ خاموشی ناقابل برداشت ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2018ء) تحریک انصاف لیڈ یز ونگ سندھ کی سینئر نائب صدر افروز شورو نے سانحہ قصور پر پنجاب حکومت سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم زینب قوم کی بیٹی تھی، پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی مجرمانہ خاموشی ناقابل برداشت اور صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے بیانات شرمناک ہیں۔

(جاری ہے)

افروز شورو نے ایک بیان میں کہا کہ قصور واقعہ کے حوالے سے نوٹس لینا یا بیانات دینے سے انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوتے، جوابداروں کو عبرت کا نشان بنا کر پنجاب حکومت کو گھر بھیجا جائے، انہوں نے کہا کہ قصور میں یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہوا معصوم بچوں سے ظلم و زیادتی کے قصے کہانیوں کی شکل اختیار کر چکے ہیں، نااہل شریف برادران کی مغل بادشاہت نے ملک اور قوم کا وجود خطرے میں ڈ ال دیا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ معصوم زینب کے قاتلوں کو گرفتار ہی نہیں بلکہ سرعام پھانسی دی جائے تا کہ آئندہ کسی حوا کی بیٹی کے ساتھ ایسا واقعہ پیش نہ آئے، قوم نوٹس یا بیانات نہیں ایکشن کی منتظر ہے۔