پاکستانی بنگالی کمیونٹی کے وفد کی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات ،ْ نادرا کے خلاف شکایات سے آگاہ کیا

جماعت اسلامی عوامی مسائل پر آئینی ،قانونی اور ہر طرح کے جمہوری وسیاسی طریقے اختیا ر کریگی، حافظ نعیم الرحمن وفد نے جماعت اسلامی کے اورنگی میں جمعہ کے احتجاج اور نادرا کے خلاف 27جنوری کے دھرنے کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی

جمعرات 11 جنوری 2018 22:54

پاکستانی بنگالی کمیونٹی کے وفد کی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات ،ْ نادرا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے پاکستان بنگالی کمیونٹی کے وفد نے امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی یونس بارائی کے ہمراہ ادارہ نورحق میں ملاقات کی اور شناختی کارڈ کے حصول میں مشکلات و مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد میںکونسلر یوسی 24گلشن اقبال قاری محمد شریف ،آصف آزاد ، یوسف منیر، محمود جمال ، محمد حفیظ ، فرقان عالم ، حافظ عاصم اور دیگر بھی شامل تھے ۔

وفد نے جماعت اسلامی کے تحت 27جنوری کو ہونے والے نادرا کے خلاف احتجاجی مظاہرے کی حمایت اور بھرپور شرکت کی یقین دہانی کرائی اور بتایا کہ تیسر ٹاؤن ، رحمن آباد اور گلشن اقبال کے مکینوں کو قومی شناختی کارڈ کے حصول میں بے شمار رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، طرح طرح کی انفارمیشن لینے کے باوجود دستاویزات کی عدم موجودگی بہانہ بنا کر لوٹا دیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

جس سے علاقہ مکین شدید ذہنی وجسمانی اذیت کا شکار ہیں، قومی شناختی کارڈ نہ ہونے کے باعث نوکری پیشہ افراد روزگار سے محروم ہو کر فاقے کرنے پر مجبور ہیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے وفد کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ سے ہی مظلوموں اور محروموں کے ساتھ ہے اور آئندہ بھی ساتھ رہے گی ۔نادرا کی نااہلی و ناقص کارکردگی اور شہریوں کو شناختی کارڈ کے حصول میں بلاجواز رکاوٹوں کے باعث تنگ کر نے کے خلاف جماعت اسلامی نے نادرا کے خلاف احتجاجی مہم کا آغاز کردیا ہے۔

ہم ہر قسم کی آئینی و قانونی اور جمہوری و سیاسی طریقے اختیار کریں گے ، ہر سطح پر مسائل کے حل کی جدوجہد کریں گے اور بھرپور آواز اٹھائیں گے ۔ جماعت اسلامی نے قومی اسمبلی میں نادرا کے خلاف ترمیمی بل پیش کیا ہے اور نادرا کے ڈی جی سے بھی ملاقات کر کے عوامی مسائل کے حل کے لیے سفارشات پیش کرچکے ہیں۔ 12جنوری کو نادرا زونل آفس اورنگی ٹاؤن میں نادرا کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا جائے گا ۔اگرپھر بھی مسئلہ حل نہ ہوا تو 27جنوری کو حسن اسکوائر پر ایک تاریخی احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔