صوبائی وزیر رانا مشہو د کا گورنمنٹ آرمی پبلک گرلز ہائی سکول ماڈل ٹائون کا دورہ

سٹیٹ آف دی آرٹ ڈیجیٹل لیب، سائنس لیب ، آرٹ روم اور ارلی چائلڈ ہڈ کلاس روم کے افتتاح کے نتظامات کا جائزہ لیا انٹر نیشنل ایجوکیشن کانفرنس لاہور میں9اور10اپریل 2018 کو منعقد ہو گی: صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود

جمعرات 11 جنوری 2018 22:49

صوبائی وزیر رانا مشہو د کا گورنمنٹ آرمی پبلک گرلز ہائی سکول ماڈل ٹائون ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جنوری2018ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہو د احمد خاںنے آج گورنمنٹ آرمی پبلک گرلز ہائی سکول ماڈل ٹائون کا دورہ کیا اور سٹیٹ آف دی آرٹ ڈیجیٹل لیب، سائنس لیب ، آرٹ روم اور ارلی چائلڈ ہڈ کلاس روم کے باضابطہ افتتاح کے حوالے سے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیررانامشہود نے کہا کہ حصول تعلیم میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔

جدید تعلیمی آلات سے طلبا و طالبات کی کارکردگی میںبہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بچوں کو یکساں وسائل کی فراہمی ہمارا مشن ہے۔اس حوالے سے پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں ٹیبلٹس اور سمارٹ بورڈ نصب کئے جا رہے ہیں ۔ کیونکہ نئی نسل انتہائی با صلاحیت اور ذہین اور پاکستان کا روشن مستقبل ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیںصوبائی وزیر رانا مشہود نے انٹر نیشنل ایجوکیشن کانفرنس کے انتظامات میں پیش رفت کے حوالے سے سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔

رانا مشہود احمد خاں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میںانٹرنیشنل ایجوکیشن کانفرنس9اور10اپریل کو منعقد ہو گی۔اس کانفرنس میں دنیا بھر سے نامور ایکسپرٹس تعلیم اورڈویلپمنٹ ایجنسیز کے نمائندے شرکت کریں گے۔اس کانفرنس میں محکمہ سکولز ایجوکیشن کی تعلیمی اصلاحات کا بھر پورجائزہ لیا جائے گا تا کہ عالمی تعلیمی تجربات اور پالیسیوں سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے صوبہ پنجاب کے نظام تعلیم کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ رکھا جا سکے۔

اُنہوں نے کہا کہ انٹر نیشنل ایجوکیشن کانفرنس کے انعقاد سے دنیا بھر میں جاری بہترین اصلاحات سے آگاہی حاصل ہو گی اور پاکستانی ماہرین کو عالمی ایکسپرٹس سے تبادلہ خیال کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہر بچے کو زیور تعلیم سے آراستہ کر رہی ہے کیونکہ ہر سماجی و معاشی ترقی کی اصل بنیاد تعلیم ہے۔اجلاس میں سیکرٹری سکولز ڈاکٹر اللہ بخش ملک، سپیشل سیکرٹری سکولز رانا حسن اختر سمیت مختلف محکموں کے افسران اورفلاحی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔