مسلم لیگ (ن )نے گلگت بلتستان میں قیام امن سے لیکر استحکام امن تک کلیدی کردار ادا کیا ،حافظ حفیظ الرحمن

(ن) لیگ نے شفاف نظام حکومت کی بنیاد بھی رکھی ، اداروں میں میرٹ کو بحال ، کرپشن کو کنٹرول اور گلگت بلتستان تعمیر و ترقی کے عظیم الشان منصوبوں کا آغاز کیا ، وزیراعلی گلگت بلتستان کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 11 جنوری 2018 22:42

مسلم لیگ (ن )نے گلگت بلتستان میں قیام امن سے لیکر استحکام امن تک کلیدی ..
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2018ء) وزیراعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )نے گلگت بلتستان میں قیام امن سے لیکر استحکام امن تک کلیدی کردار ادا کیا ،شفاف نظام حکومت کی بنیاد بھی رکھی ، اداروں میں میرٹ کو بحال ، کرپشن کو کنٹرول اور گلگت بلتستان تعمیر و ترقی کے عظیم الشان منصوبوں کا آغاز کیا ۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے جمعرات کو مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے رہنمائوں کے پہلے اہم اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس جماعت نے گلگت بلتستان میں قیام امن سے لیکر استحکام امن تک کلیدی کردار ادا کیا ۔

(جاری ہے)

اس جماعت نے شفاف نظام حکومت کی بنیاد بھی رکھی ، اداروں میں میرٹ کو بحال کیا ، کرپشن کو کنٹرول کیا اور گلگت بلتستان تعمیر و ترقی کے عظیم الشان منصوبوں کا آغاز کیا ۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی عوام نے 2015میں پاکستان مسلم لیگ ن کو جن اصلاحات کیلئے مینڈیٹ دیا پاکستان مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت ڈھائی سال کی قلیل مدت میں اس مینڈیٹ کا حقبہ ا حسن بخوبی ادا کر دیا ہے ۔ آج تعلیم ، صحت اور انفرا سٹریکچر کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے آج ڈھائی سال کی قلیل مدت میں یہاں کے تقریباً آٹھ ہزار نوجوانوں کو میرٹ پر ملازمتیں فراہم کر دی گئی ہیں ۔

لیپ ٹاپ اور ہیلتھ انشورنس فراہم کی جا رہی ہے معیشت کے شعبے کو ترقی دیتے ہوئے وزیر اعظم یوتھ لون سکیم اور اخوت کے ذریعے تجارتی مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں ۔ انکم کے ذریعے کو وسعت دیتے ہوئے آج ہزاروں افراد کو تعمیراتی منصوبوں میں روزگار کے ذرائع میسر ہیں جبکہ سیاحت کے فروغ سے مقامی مارکیٹ ، ٹرانسپورٹ کے شعبے اور ہوٹلنگ کی ترقی سے ہزاروں افراد کو کاروباری اور معاشی سرگرمیوں میں شامل کیا گیا ہے ۔

جس سے گلگت بلتستان میں فی کس آمدنی گزشتہ دو سالوں میں دس گنا بڑھ چکی ہے اور یہاں کے عوام کا معیاری زندگی محفوظ ہو گیا ہے ۔ گلگت بلتستان میں امن اور ترقی کے پہیہ میں تیزی آنے سے ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں ، کاروباری منڈیوں اور بڑی کمپنیوں کا اعتماد بحال ہوا ہے جس سے آئندہ دو سالوں میں گلگت بلتستان کی فی کس آمدنی دو سو گنا بڑھنے کے واضح امکانات نظر آرہے ہیں ۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ رٹ آف سٹیٹ ، انتظامی اصلاحات اور گڈ گورننس کے باعث مالیتی نگرانی میں شفافیت آئی ہے جس سے بین الاقوامی ڈونر ایجنسیز کا اعتماد جہاں بحال ہوا ہے وہاں وفاقی حکومت کی گلگت بلتستان سے مالیتی ڈسپلن میں نظم و نسق میں انڈسٹرنگ کے باعث پی ایس ڈی کے پی کے مالیتی شیڈول میں سو ارب کا اضافہ ہوا ہے جس کا اعتراف قومی اور بین الاقوامی اداروں نے کیا ہے ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت کی اس کامیابی اور اعلیٰ کارکردگی کے پیچھے پاکستان مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے ہر کارکن کی جدوجہد ، قربانیاں اور دعائیں ہیں جس کی بدولت آج ہم سب عوام کے سامنے سرخرو ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب آئندہ دو سال ہم اپنی سیاسی سرگرمیوں کا رخ کرینگے، اپنے کارکنوں کی سرپرستی کرینگے ۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے ورکرز کے شکایات کا ازالہ ہوگا اور تمام اضلاع میں از سر نو تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کیا جائیگا ۔ ضلعی ورکرز کنونشن اور ایم ایس ایف اور یوتھ ونگ کنونشز کا آغاز جلد کیا جائیگا ۔ جس کے تحت صوبائی ورکرز کنونشن بلایا جائیگا ا س موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن لیبر ونگ کے صوبائی صدر سلامت جان نے کہا کہ حفیظ الرحمن میرا قائد ہے اور ہمارا جان مال ہمارے قائد اور ہماری پارٹی کیلئے ہمہ وقت وقف ہے ۔

سلامت جان نے کہا کہ کوئی بھی طاقت ہمیں قائد سے الگ نہیں کر سکتی اورہم حفیظ الرحمن کی قیادت میں بغیر کسی لالچ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ،پاکستان مسلم لیگ ن ہمارا اوڑنا بچھونا ہے اور اس کے کارکن ہمارا اثاثہ ہیں جس کی بھر پور تائید کرتے ہوئے یوتھ ونگ کے صوبائی صدر شہزادہ حسین مقپون نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی مضبوطی کا مطلب گلگت بلتستان میں امن کو مضبوط کرنا ہے ۔

اس موقع پر سینئرنائب صدر مسلم لیگ ضلع گلگت فدا حسین نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا پاکستان مسلم لیگ ن کے ساتھ ہے جبکہ ہمیں ہمارے قائد حفیظ الرحمن پر فخر ہے ۔ ضلعی سینئر نائب صدر محمد عالمگیر نے گلگت بلتستان میں پاکستان مسلم لیگ ن کی تنظیم نو پر زور دیا اور علاقے میں عظیم ترقیاتی منصوبوں کو سراہا ۔ ضلعی جنرل سیکریٹری ریاض احمد اور ڈپٹی جنرل سیکریٹری انیس الرحمن شیخ نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم گلگت بلتستان کے عوام دور رس مفادات کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد قائم کریں ۔

یوتھ ونگ کے صوبائی جنرل سیکریٹری وزیر اصغر نے کہا کہ مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کا ہر کارکن پاکستان مسلم لیگ ن کے مشن کی تکمیل کیلئے ہر اول دستے کا کردار ادا کریگا ۔ اجلاس کے اختتامی کلمات میں وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ مجھے پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکنوں پر فخر ہے جنہوں نے نامساعد حالات میں بھی مسلم لیگ ن کے علم کو نہیں چھوڑا اور گلگت بلتستان میں ان عناصر کے مزموم عزائم کو خاک میں ملایا جو علاقے میں سیاسی و سماجی عدم استحکام کے درپے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ماضی کی طرح آج بھی اور مستقبل میں بھی گلگت بلتستان کی مضبوط و متحد جماعت ہے جو گلگت بلتستان کے عوامی حقوق کی ضمانت ہے ۔

متعلقہ عنوان :