کوہاٹ میں 52اشتہاریوں سمیت 356مشتبہ افراد گرفتار

جمعرات 11 جنوری 2018 22:14

کوہاٹ میں 52اشتہاریوں سمیت 356مشتبہ افراد گرفتار
کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2018ء)کوہاٹ میں سماج دشمن عناصر کے خلاف آپریشن ہولڈ اپ کے دوران 52اشتہاریوں سمیت 356مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔کارروائی میں زیر حراست افراد کے قبضے سے پولیس کو بڑی تعداد میں اسلحہ ومنشیات بھی ملے ہیں۔ ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کی خصوصی ہدایت پر کوہاٹ شہر اور مضافاتی علاقوں کے چپے چپے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کا جنرل ہولڈ اپ آپریشن کامیابی سے جاری ہے ۔

آپریشن کے اس تسلسل میں پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیوں اور شہر کے داخلی وخارجی راستوں پر ناکہ بندی وموثرچیکنگ کے نتیجے میں مختلف نوعیت کے مقدمات میں مطلوب 52اشتہاریوں سمیت 356مشتبہ ملزمان کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مجموعی طور پر 6کلاشنکوف،3کلوکوف،13بندوق،7رائفل،30پستول،90چارجرز،مختلف قسم کے 2600کارتوس،35کلوگرام چرس اور 500گرام ہیروئن برآمد کرکے قبضے میں لئے ہیں۔

(جاری ہے)

آپریشن ہولڈ اپ کی کاروائی میںپولیس نے وی وی ایس،آئی وی ایس اور سی آر وی ایس موبائل سروس کی جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے شہر میں داخل ہونیوالی دس ہزار سے زائد گاڑیوں اور سولہ ہزار افراد کو روک کر موقع پر انکی چھان بین کی جبکہ غیر رجسٹرڈ اور بلا نمبر تین ہزار چھوٹی بڑی گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے چالان کیا گیا۔

آپریشن میں کالے شیشوں والی پچاس گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی اور ان سے کالے شیشے اتار لئے گئے۔اسی طرح شہر اور دور دراز کے دیہاتوں میں کرایہ کے دو سو گھروں میں مقیم غیر مقامی افراد کے کوائف چیک کرتے ہوئے پولیس نے مقامی تھانوں سے رجسٹریشن نہ کرنیوالے دس افراد کو کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کا ارتکاب کرنے پر مقدمات میں نامزد کرکے متعلقہ تھانوں میں انکی رجسٹریشن کی کاروائی انجام دیدی ہے۔