کراچی میں بین الاقوامی کمپنیز کے تعاون سے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا خیرمقدم کرتے ہیں، میئر کراچی

جمعرات 11 جنوری 2018 22:11

کراچی میں بین الاقوامی کمپنیز کے تعاون سے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی میں بین الاقوامی کمپنیز کے تعاون سے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا خیرمقدم کرتے ہیں، انفراسٹرکچر ، ڈویلپمنٹ اور ماحولیات ، ٹرانسپورٹ اور اسمارٹ سٹی ڈویلپمنٹ کے شعبوں میںہمسایہ دوست ملک عوامی جمہوریہ چین کی مہارت سے ہر ممکن استفادہ کیا جائے گا، یہ بات انہوں نے ملاقات کے لئے آئے ہوئے چائنا کی کمپنی WANG-TAT کے نمائندوں پر مشتمل 8 رکنی وفد سے اپنے دفتر میں بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پرچینی کمپنی کے کوآرڈینیٹر شاہد فیروز، میونسپل کمشنر ڈاکٹر اصغر عباس شیخ، ڈائریکٹر جنرل پارکس آفاق مرزا، ڈائریکٹر میونسپل سروسز نعمان ارشد، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایس ایم شکیب، ڈائریکٹر وہیکل فرید تاجک اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے چائنا کی ملٹی نیشنل کمپنی WANG-TAT کے نمائندوں کو خوش آمدید کہا اور کراچی کے لئے ان کے تعاون کو گرانقدر قرار دیا، انہوں نے کہا کہ کمپنی اپنے تجربے اور مہارتوں کے مطابق کراچی میں مختلف شہری سہولیات کا سروے کرے اور ہمیں اس بات سے آگاہ کرے کہ وہ کن شعبوں میں کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں تاکہ مکمل جائزہ لینے کے بعد کام کو شروع کیا جاسکے،اس موقع پر چینی کمپنی کے نمائندے نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ WANG-TAT کمپنی کنسٹرکشن، ٹرانسپورٹ،ماحولیات، ہائوسنگ، ہیری ٹیج پروٹیکشن اور اسمارٹ سٹی کے شعبوں میں وسیع تجربہ رکھتی ہے اور پروجیکٹ فنانسنگ بھی کرتی ہے، انہوں نے کراچی سے ملتے جلتے چین کے ایک شہر کا موازنہ بھی پیش کیا اور بتایا کہ 30 سال قبل وہاں بھی کراچی جیسے مسائل کا سامنا تھا تاہم اس عرصے کے دوران اسے ترقی دے کر بہترین شہر بنا دیا گیا ہے اور اسی ماڈل پر کراچی میں بھی کام کرنا ممکن ہے،میئر کراچی نے اس پر کہا کہ چین کے شہروں نے مختصر وقت میں بے مثال ترقی کی ہے اور ہماری بھی یہ خواہش ہے کہ کراچی میں عوامی اہمیت کے منصوبے بنائے جائیں اور ان پر تیزی سے عمل درآمد ہو، شہریوں کے مسائل حل کرنے میں ایسے پروجیکٹ معاون ثابت ہوں گے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا،انہوں نے کہا کہ کم سے کم مدت میں مکمل ہونے والے پروجیکٹس کو ترجیح دی جائے اور ان کی پلاننگ اس طرح کی جائے کہ کراچی کے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ عرصے تک ان سے مستفید ہونے کا موقع ملتا رہے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ، ہائوسنگ ، انفراسٹرکچر ، ڈویلپمنٹ اور ہیری ٹیج پروٹیکشن کے شعبوں میں کام کرنے کی بہت زیادہ گنجائش ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ چین کی کمپنی اپنے طویل تجربے اور مہارت کا استعمال کرتے ہوئے ان شعبوں میں ہمیں زیادہ سے زیادہ تعاون فراہم کریں گی جن سے شہری مسائل کے حل میں خاطر خواہ مدد ملے گی، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پارکس بلدیہ عظمیٰ کراچی نے کراچی میں موجود چھوٹے بڑے پارکس کے متعلقہ تفصیلات سے آگاہ کیا جبکہ ڈائریکٹر میونسپل سروسز نے کراچی میں میونسپل سروسز کی فراہمی سے متعلق آگاہ کیا، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کراچی میں شہری زندگی کے مختلف سیکٹرز کے سروے میں چینی کمپنی کو ہرممکن تعاون مہیا کیا جائے گا، انہوں نے افسران سے کہا کہ اس سلسلے میں WANG-TAT کمپنی کے نمائندے کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں اور جو بھی معلومات انہیں درکار ہوں فراہم کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :