اسلامی اصولوں پر عملدرآمد سے ہی فلاحی معاشرہ کی تشکیل ممکن ہو سکتی ہے، گورنر سندھ

بلا تفریق فلاح وبہبود کے اقدامات ، یکساں حقوق کے تحفظ اور اہلیت وقابلیت کی بنیاد پر فوقیت اسلام کے ہی سنہری اصول ہیں،موجودہ حکومت امن و امان کے قیام ، انرجی بحران کے خاتمہ کے بعد سماجی خدمات اور معاشی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے ، حکومت وفاق ہی نہیں بلکہ پورے ملک کی یکساں ترقی کے لئے کوشاں ہے، اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن ڈاکٹر نور محمد سے گفتگو

جمعرات 11 جنوری 2018 21:12

اسلامی اصولوں پر عملدرآمد سے ہی فلاحی معاشرہ کی تشکیل ممکن ہو سکتی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جنوری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے ، بلا تفریق فلاح وبہبود کے اقدامات ، یکساں حقوق کے تحفظ اور اہلیت وقابلیت کی بنیاد پر فوقیت اسلام کے ہی سنہری اصول ہیں ، رہنما اصولوں پر عملدرآمد کرنے سے فلاحی معاشرہ کی تشکیل ممکن ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی امن کے لئے اپنی ذمہ داری خوش اسلوبی سے انجام دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہا?س میں اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن پروفیسر ڈاکٹر نو ر احمد سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں جاری صورتحال ، اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کے ضمن میںپیش رفت ، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان نے اپنے قیام سے لیکر آج تک فلاح انسانیت ،امن و استحکام ، فلاحی معاشرہ کی تشکیل ، بھائی چارے ، افہام و تفہیم ، باہمی ربط اور پڑوسی ممالک سے برادرانہ تعلقات کے فروغ کے لئے بھرپور کا وشیں بروئے کار لارہا اس ضمن میں پاک چین تعلقات اس کی واضح دلیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت امن و امان کے قیام ، انرجی بحران کے خاتمہ کے بعد سماجی خدمات اور معاشی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے ، حکومت وفاق ہی نہیں بلکہ پورے ملک کی یکساں ترقی کے لئے کوشاں ہے اس ضمن میں صوبہ کے متعدد اضلاع میں وفاقی فنڈز سے ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں ، وفاق کی معاشی پالیسی اور واضح حکمت عملی سے عوامی مشکلات کے خاتمہ میں مدد مل رہی ہے ، قومی مفاد کے تقاضوں کے مطابق اقدامات سے پاکستان معاشی خوشحالی کی سمت گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مشکلات کا خاتمہ کردیا ہے ،معاشی رفتار کو مزید تیز کرنے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے اٹھائے گئے اقدامات سے عوام کو معیاری سہولیات حاصل ہو رہی ہے اسی وڑن کے ساتھ ملک کو معاشی طور پر مزید مستحکم اور خوشحال بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوری دور میں جمہور کی فلاح اولین ترجیح ہوتی ہے ،عام آدمی کی خوشحالی سے ملک مزید ترقی کرسکتا ہے ، تعلیم ، صحت اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اداروں کو فعال کرنے سے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں مدد مل سکتی ہے اس ضمن میں موجودہ حکومت کے اقدامات اہم ثابت ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات فلاح معاشرہ کی تشکیل کے لئے مدد گار ہیں۔ ملاقات میں پروفیسر ڈاکٹر نور احمد نے صوبہ میں عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی کاموں میں گورنر سندھ کو بھرپور دلچسپی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسی وڑن سے عام آدمی کا معیار زندگی بلند کیا جا سکتا ہے ، خوشحال معاشرہ کے لئے موجودہ حکومت کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔