اچھی کارکردگی دکھانے والے پیسکو ملازمین کو بونس دیا جائے گا، وزیرمملکت عابد شیر علی

جمعرات 11 جنوری 2018 18:23

اچھی کارکردگی دکھانے والے پیسکو ملازمین کو بونس دیا جائے گا، وزیرمملکت ..
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2018ء) وزیرمملکت برائے توانائی (پاورڈویژن) چوہدری عابد شیر علی نے کہاہے کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے پیسکو ملازمین کو بونس دیا جائے گا، پیسکو ملازمین محنت کر کے پیسکو کو منافع بخش ادارہ بنائیں۔ یہ بات انہوں نے ایبٹ آباد میں پیسکو ملازمین سے اپنے خطاب میں کہی۔ اس موقع پر این ٹی ڈی سی حکام, منتحب عوامی نمائندے ,چیف ایگزیکٹو پیسکو انجینئر شبیر احمد, تمام چیف انجینئرز , ایس ایزاور پیسکو فیلڈ افسران موجود تھے۔

وزیرمملکت چوہدری عابدشیرعلی نے کہا کہ پیسکو آپ کی کمپنی ہے، آپ محنت کر کے اس کو منافع بخش ادارہ بنائیں اورجس سرکل کی ریکوری اورکارکردگی اچھی ہوئی تو ملازمین کی حوصلہ افزائی کے لئے ان کو بونس دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیرمملکت نے کہا کہ پیسکو کارکردگی کو مزید بہتربنانے کے لئے اورسٹاف کی کمی کودورکرنے کے لئے نئی بھرتی کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں اورچندہفتوں میں شفاف اورمیرٹ پر بھرتی کا عمل شروع ہوجائے گا۔

بھرتی میں پیسکوملازمین کے بچوں کو بھی کوٹہ کے مطابق بھرتی کیاجائے گا۔ وزیرمملکت نے کہا کہ عوام کوسہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، عوام کے بجلی سے متعلقہ مسائل کوحل کریں اوران کی دعائیں لیں․ وزیرمملکت نے پیسکوافسران کو ہدایت کی کہ ماہانہ بنیاد پر سرکل، ڈویژن اورسب ڈویژن کی سطح پر کھلی کچہریاں باقاعدگی سے منعقدکریں اورعوام کے بجلی سے متعلقہ مسائل کو فوری حل کریں، صارفین کے لئے مشکلات پیدا کرنے والوں کو قطعا برداشت نہیں کیا جائے گا، صارفین کی عام نوعیت کی شکایات پرفور ی ایکشن لیں , جلنے اورخراب ہونے کی صورت میں ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی فوری تبدیلی کو یقینی بنائیں اور عوام کو دفتروں کے چکرنہ لگوائیں۔

وزیرمملکت نے کہا کہ ہم اورآپ ایک ہیں آپ نے حکومت کے ویژن کے مطابق بجلی کی مد میں اٹھائے گئے انقلابی اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچانے ہیں، حکومت نے 8500 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی ہے جبکہ صوبہ خیبرپختونخوا میں اربوں روپے کی لاگت سے ڈسٹری بیوشن سسٹم کو بہتربنانے کے لئے نئی ٹرانسمیشن لائنز بچھا ئی جارہی ہیں، تمام نئے زیرتکمیل پراجیکٹس 31 مارچ 2018 تک مکمل کرلئے جائیں گے جس سے پورے صوبہ میں بجلی کی مجموعی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی۔ چوہدری عابدشیرعلی نے کہا کہ فرائض میں غفلت کا مظاہرہ کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور خراب کارکردگی کے حوالے سے قصوروار ملازمین کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :