پاکستان اور چین ایشیائی عوام کی ترقی وخوشحالی کا مشترکہ خواب شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے کوشاں ہیں

چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کی چینی سفیر سے گفتگو

جمعرات 11 جنوری 2018 18:00

پاکستان اور چین ایشیائی عوام کی ترقی وخوشحالی کا مشترکہ خواب شرمندہ ..
اسلام آباد ۔ 11 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2018ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے پارلیمنٹ ہائوس میں چین کے سفیر یائو جینگ سے ملاقات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین ایشیائی عوام کی ترقی وخوشحالی کا مشترکہ خواب شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے کوشاں ہیں اور دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کی اپنی ایک تاریخ ہے۔ سینٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میاں رضاربانی نے بین الاقوامی سطح اورخاص طور پر امریکی صدر کے حالیہ ٹویٹ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر چین کی جانب سے پاکستان کے موقف کی حما یت کو سراہا ۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کردار ادا کرنے والے ملک کے ساتھ قابل افسوس رویہ اختیار کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان نے دہشت گردی میں بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصانات اٹھائے ہیں اور امریکی صدر کے ایسے رویے کے باوجود پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے پر عزم ہے ۔ انہوں نے پاکستان افغانستان اور چین کے مابین سہ ملکی مذاکراتی عمل کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایسے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رہیں گے ۔

میاں رضاربانی نے کہا کہ امریکہ کو اس بات کا احساس ہوگیا ہے کہ ایشیاء اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرے گااور اپنے وسائل کو سامراجی قوتوں کے ہاتھوں لٹنے نہیں دے گا۔ میاں رضاربانی نے کہا کہ ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ خطے اور خصوصاً ایشیا ء میں ترقی کا نیا باب کھول دے گا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چین کے ساتھ تاریخی تعلقات کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ڈالی تھی جسے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے مزید مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کیا، تاہم دونوں ملکوں کے مابین تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہوئے ہیں ۔

چیئرمین سینیٹ نے کشمیر کے مسئلے پر چین کی جانب سے پاکستان کے موقف کی حمایت کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ایک چین پالیسی پر یقین رکھتا ہے ۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پارلیمانی دوستی گروپوں کو فعال بنا کر تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں گی ۔