گورنر پنجاب سے چیئر پرسن این سی ایچ ڈی کی ملاقات، ادارہ کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی

حکومت عوام کو تعلیم وصحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہے، ملک محمد رفیق رجوانہ

جمعرات 11 جنوری 2018 17:27

گورنر پنجاب سے چیئر پرسن این سی ایچ ڈی کی ملاقات، ادارہ کی سالانہ کارکردگی ..
لاہور۔11جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے چیئر پرسن نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ رازینہ عالم خان نے یہاںگورنر ہائوس میںملاقات کی اور ادارہ کی 2016-17ء کی کارکردگی رپورٹ پیش کی،گورنر پنجاب نے این سی ایچ ڈی کی ملک بھر میں تعلیم کے شعبہ میں خدمات کو سراہا اور اسے تعلیمی میدان میںنیک شگون قرار دیا ہے،گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو تعلیم،صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے دن رات کوشاں ہے،انہوں نے کہا کہ ملک میں تعلیم کے فروغ کیلئے نئی یونیورسٹیاں قائم کی جا رہی ہیںجبکہ انرولمنٹ میں اضافے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں،گورنر نے کہا کہ قوموں کی برادری میں نمایاں مقام حاصل کرنے کیلئے لازم ہے کہ ہر شعبہ زندگی میں آگے بڑھنے کی جستجو کی جائے تاکہ ہماری اعلیٰ کارکردگی سے ملک کا وقار بلند ہو، انہوں نے کہا کہ اجتماعی ترقی کیلئے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے اور فروغ تعلیم سے ہی غربت، جہالت، بے روزگاری، پس ماندگی اور دیگر مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے، اس موقع پر چیئر پرسن این سی ایچ ڈی رازینہ عالم خان نے ادارہ کی کارگردگی کے حوالے سے بتایا کہ این سی ایچ ڈی ملک بھر کے 115اضلاع میںکا م کر رہی ہے،ملک میں 6000فیڈرسکول اور 6000عملی خواندگی کے مراکزقائم کئے گئے ہیں،انہوں نے بتایا کہ فیڈرسکولوں میں آئوٹ آف سکول بچوں کو لیا جاتا ہے اور یہ سکول صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ عملی خواندگی کے مراکز میں زیادہ تر خواتین کو سکلز سکھائی جائیں گی جس سے ملک میں غربت میں کمی آئے گی، خواتین کو سکھائی جانے والی سکلز میںمرغبانی، سبزی اگانے کے ساتھ ساتھ دیگر سکلز شامل ہیں جو کہ مطلوبہ ڈیمانڈ کے مطابق سکھائی جائیں گی، رازینہ عالم خان نے بتایا کہ اسلام آباد میں نیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ فار لٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن قائم کیا گیا ہے،اگلے مرحلے میں اس کی شاخیں صوبوںمیں بھی قائم کی جائیں گی، انہوں نے مزید بتایا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کیلئے ویژن2025 کے تحت90فیصد لٹریسی ہدف کے حصول کیلئے این سی ایچ ڈی پلان آف ایکشن بنارہا ہے۔