ایران میں منشیات سے متعلق قانون میں تبدیلی سے ہزاروں افراد پھانسی سے بچ سکتے ہیں

جمعرات 11 جنوری 2018 10:51

ایران میں منشیات سے متعلق قانون میں تبدیلی سے ہزاروں افراد پھانسی سے ..
تہران ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2018ء) ایران میں قوانین کی تبدیلی کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں سزائے موت پانے والے مجرمان پھانسی سے بچ سکتے ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق نئے قوانین کے تحت منشیات سے متعلق بعض جرائم میں سزائے موت ختم کر دی گئی ہے۔ عدالتی امور کے سربراہ آیت اللہ صدیق لاریجانی نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ سزائے موت کے تمام کیسوں کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اور زیادہ تر کیسز میں سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

عدالتی امور کے سربراہ نے کہا ہے کہ قوانین میں تبدیلی کا اطلاق ماضی کے کیسز پر بھی ہو گا جس سے پانچ ہزار کے قریب افراد سزائے موت پر عملدرآمد سے بچ جائیں گے۔ ایران میں حقوق انسانی کے لیے کام کرنے والی تنظیم آئی ایچ آر کے عہدیدار محمد عماری نے قانون میں تبدیلی کا خیرمقدم کیا ہے۔ گذشتہ قوانین کے تحت 30 گرام کوکین برآمد ہونے پر سزائے موت ہو سکتی تھی تاہم اب اس مقدار کو بڑھا کر دو کلوگرام کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چرس اور افیون کی مقدار کو بڑھا کر 50 کلوگرام تک کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :