پیپلز پارٹی کراچی کے زخموں پر مرہم رکھے گی، عوام کی مدد سے قائداعظم کے شہر کی رونقیں بحال کرینگے

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا اجلاس سے خطا ب

بدھ 10 جنوری 2018 23:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 جنوری2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی کے زخموں پر مرہم رکھے گی، عوام کی مدد سے قائداعظم کے شہر کی رونقیں بحال کرینگے۔ وہ بدھ کو پی پی پی کراچی ڈویڑن کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ بلاول ہائوس میں ہونے والے اجلاس میں پی پی پی کراچی ڈویڑن کے صدر و رکنِ سندہ اسمبلی سعید غنی، جنرل سیکریٹری و ایم پی اے جاوید ناگوری، اطلاعات سیکریٹری و ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا، سینیئر نائب صدر راجہ عبدالرزاق اور سلمان عبداللہ مراد سمیت ضلعی صدور اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز کے چیئرمینوں نے شرکت کی۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ کراچی کو لاقانونیت اور اندھیروں میں دھکیلنے والوں کے لئے 2018 کے انتخابات آخری ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ذاتی مفاد کے لئے کراچی میں لسانیت اور فرقہ پرستی کو ہوا دی گئی، روز روز زبردستی ہڑتالیں کرا کے شہر کی معشیت تباہ کی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی غریب پرور شھر ہے اور پیپلز پارٹی غریبوں کی پارٹی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بندوق، دھونس اور دھاندلی کی سیاست ہمیشہ کے لئے دفن ہو چکی ہے اور آئندہ انتخابات میں کراچی کی اکثریت پیپلز پارٹی کو منتخب کرے گی اور پی پی پی شہر میں صنعتی انقلاب لائے گی۔ پی پی پی چیئرمین نے زور دیا کہ کراچی کے نوجوان ملک کی قیادت کرنے کے لئے تیار ہو جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئو سب ملکر اس ملک کو زمین کی جنت بنائیں۔