چیف جسٹس نے جوڈیشل اصلاحات کیلئے 13جنوری کو تمام ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کی کانفرنس طلب کر لی

بدھ 10 جنوری 2018 23:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 جنوری2018ء) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے جوڈیشل اصلاحات کیلئے 13جنوری کو کراچی میں تمام ہائیکورٹس کے چیف جسٹس کی کانفرنس طلب کر لی جس میں عدالتی نظام بہتر انداز سے چلانے کے معاملات پر غور ہوگا ۔ بدھ کے روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی صدارت میں ہونے والے عدالتی اصلاحاتی اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ ، سپریم کورٹ ،لاہور ہائیکورٹ اور قانون وانصاف کمیشن کے افسران نے شرکت کی ۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کی عدلیہ میں حال ہی میں متعارف کرائی جانے والی عدالتی اصلاحات کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا ۔انہوں نے خاص طور پر مقدمات کی تاخیر ،زیر التواء مقدمات ، عوام اور وکلاء کو عدالتوں تک رسائی کیلئے الیکٹرانک سہولیات ، عدالتوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے آغاز ، عدالتوں اورمقدمات کے موثر انتظام ، ججوں، لاء آفیسرز اور سٹاف کی تربیت پر بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس آف پاکستان نے پنجاب میں حالیہ عدالتی اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ 13جنوری کو کراچی میں آل پاکستان چیف جسٹسز کانفرنس کیلئے یہ اصلاحات ایک لائحہ عمل ہوگا ۔ اجلاس میں سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے افسران بھی شریک ہوئے ۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے مقدمات جلد نمٹانے کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا ۔ چیف جسٹس نے پنجاب میں متعارف کرائی گئی عدالتی اصلاحات کی تعریف کی ۔

متعلقہ عنوان :