وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

کوئٹہ میں دہشت گردی واقعہ کے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی ، کابینہ نے قصور میں ہونے والے بہیمانہ واقعہ کی شدید مذمت اس سنگین جرم کے ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے،وفاقی کابینہ کی ہدایت

بدھ 10 جنوری 2018 23:27

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم آفس میں ہوا۔ وفاقی کابینہ نے کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی ، کابینہ نے قصور میں ہونے والے بہیمانہ واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اس سنگین جرم کے ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔

اجلاس میں وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی طرف سے وفاقی کابینہ کو موسم گرما 2018ء کیلئے بجلی کے نظام میں مسائل ، ملک میں بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے کی ضروریات کے حوالے سے تفصیلی پریزنٹیشن دی گئی۔ پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی اور کپاس سے متعلق معاملات کو وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری سے نیشنل فوڈ سیکورٹی و ریسرچ ڈویژن منتقل کرنے کے معاملے پر وفاقی کابینہ نے وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دیدی جو ملک میں کپاس کی پیداوار میں اضافے کے طریقہ کار کا جائزہ لے کر دو ہفتوں میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

وفاقی کابینہ نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس 1960ء میں ترمیم، مسلح افواج کے اہلکاروں کے تبادلوں سے متعلق ترکی اور پاکستان کے درمیان پروٹوکول کی توثیق، محکمہ آثار قدیمہ ، عجائب گھر اور زیورج سوئٹزرلینڈ کے نیشنل میوزیم ریت برگ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کے مسودے پر دستخط کرنے کی توثیق، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 22 دسمبر 2017ء کو ہونے والے اجلاس میں کئے جانے والے فیصلوں کی توثیق اور وزارت اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کی طرف سے قومی صنعتی تعلقات کے ممبر کی تقرری، انٹرسٹیٹ گیس سسٹم کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر و منیجنگ ڈائریکٹر کی تقرری کی بھی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ نے آئین کے آرٹیکل 156(5) کے تحت قومی اقتصادی کونسل کی سال 2016-17ء کیلئے سالانہ رپورٹ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پیش کرنے کی بھی منظوری دے دی۔