گورنر بلوچستان کا ٹراما سینٹر کوئٹہ کا دورہ ، خودکش حملے کے زخمیوں کی عیادت

ٹراما سینٹر میں جدید مشینری کی فراہمی اور اس کے بہتر استعمال کو یقینی بنانے،محمد خان اچکزئی

بدھ 10 جنوری 2018 23:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 جنوری2018ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے ٹراما سینٹر کوئٹہ کا بدھ کے روز دورہ کیا جہاں انہوںنے گذشتہ روز جی پی او چوک زرغون روڈ پر خودکش حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اور دیگر افراد کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی، رکن صوبائی اسمبلی سردار رضا محمد بڑیچ، چیف سیکریٹری بلوچستان اورنگزیب حق اور آئی جی پولیس بلوچستان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان نے ہدایت کی کہ ٹراما سینٹر میں جدید مشینری کی فراہمی اور اس کے بہتر استعمال کو یقینی بنانے، ایمرجنسی ادویات اور عملے کی کمی کو فوری طور پر حل کیا جائے۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ایک خطیر رقم خرچ کررہی ہے۔ صحت کے شعبے کے لئے مختص رقم کو کسی صورت ضائع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے عدم توجہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ گورنر نے ہدایت کی کہ ڈاکٹر، پیرامیڈیکس اور دیگر نرسنگ اسٹاف کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔ اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ گورنر نے اس موقع پر چیف سیکریٹری بلوچستان کو ہدایت کی کہ ٹراما سینٹر میں جدید مشینری، عملے کی کمی اور ڈاکٹر ز کو درپیش مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ گورنر نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ بم حملے میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :